اسلام آباد ۔ 25 جون (اے پی پی)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بہتر گورننس کے اہداف حاصل کرنے کے لئے صحیح سمت گامزن ہے، جمعرات کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام نے پاکستان تحریک انصاف کو ملک میں تبدیلی کے لئے ووٹ دیئے اور چینی بحران کی رپورٹ آنے کے بعد حقیقی تبدیلی آگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاثر تھا کہ شوگر مافیا سے متعلق رپورٹ منظر عام پر نہیں لائی جاسکتی مگر پی ٹی آئی کی قیادت نے ایسے تاثر کو ختم کیا ۔ اسد عمر نے کورونا وائرس اور معاشی صورتحال کے متعلق کہا کہ حکومت مہلک وباءکے پھیلاﺅ کو روکنے کے موئثر اقدامات کررہی ہے، شہریوں کو ایس او پیز پر عمل کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ما ضی کی خراب معیشت کی وجہ سے یہ ایک مشکل صورتحال ہے پی ٹی آئی کی بہتر کوششوں سے کورونا سے قبل معاشی صورتحال بہتر ہورہی تھی تاہم عا لمی وباءکی وجہ سے چیلینج پید ا ہوا جس سے بہتر طریقہ سے نمٹا جارہا ہے ۔