
اسلام آباد ۔ 4 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان نے اہلیان اسلام آباد کے لئے تاریخی اقدامات اٹھائے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ الیکشن 2018 میں اسلام آباد کی عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کیا گیا اور اسلام آباد کے ڈومیسائل ہولڈرز کے لئے وفاقی اداروں میں 50فیصد ملازمت میں کوٹہ منظور کر لیا۔ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر اسٹبلشمنٹ ڈویژن نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں اہلیان اسلام آباد کے لئے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ملازمت کوٹہ کی منظوری دے کر اہلیان اسلام آباد کا دیرینہ مطالبہ پورا کر دیا،گریڈ 1 سے گریڈ 15 تک کی ملازمت کے لئے اسلام آباد کے ڈومیسائل ہولڈرز کے لئے 50 فیصد ملازمت کوٹہ مقرر ہو گا۔ اس ضمن میں وفاقی وزیر برائے پلاننگ اسد عمر کی کاوشیں اور راجہ خرم نواز کی بھرپور جدوجہد سے میرا خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔