پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

74

اسلام آباد ۔ 2 اگست (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ پوری قوم کی ملک کے اندر مثبت تبدیلی، ترقی و خوشحالی، سیاسی اور معاشی استحکام کے حوالے سے عمران خان سے بڑی توقعات وابستہ ہیں۔ جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور پارٹی کی باقی لیڈرشپ نیا پاکستان بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ عمران خان نے قوم سے جتنے بھی وعدے کئے ہیں، انشاءاللہ وہ پورے کئے جائیں گے۔ انتخابات میں دھاندلی کے الزامات مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتخابات پہلی بار صاف، شفاف اور غیرجانبدارانہ ہوئے ہیں، مسلم لیگ (ن) سمیت دیگر جماعتیں اس لئے دھاندلی کے الزامات عائد کر رہی ہیں کیونکہ پاکستان تحریک انصاف ملک بھر میں شاندار کامیابی حاصل کر کے ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے طور پر ابھری ہے، گزشتہ 30 سال سے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) باریاں لیتی رہی ہیں مگر الیکشن 2018ءمیں تحریک انصاف نے ان کی سیاسی اجارہ داری کو ختم کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بننے کے بعد تمام قومی امور پر تحریک انصاف حزب اختلاف کے ساتھ مشاورت کرے گی اور اپوزیشن سے مل کر قومی اہمیت کے مسائل کو حل کیا جائے گا۔