پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ملک میں انتخابی اصلاحات کےتحت انتخابی عمل کو صاف، شفاف بنانے اور جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کرانے کے لئے پرعزم

49

اسلام آباد۔7مئی (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت انتخابی اصلاحات کے تحت ملک میں انتخابی عمل کو صاف، شفاف بنانے اور جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کرانے کیلئےلئے پرعزم ہے۔تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کے مطابق موجودہ حکومت الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں متعارف کرانا چاہتی ہے جس سے عوام،سیاسی جماعتوں اورسول سوسائٹی کا انتخابی عمل پراعتماد بڑھے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن کودعوت دی ہے کہ وہ انتخابی اصلاحات اور نئی ٹیکنالوجی کے استعمال پر حکومت کے ساتھ بات چیت کے لئے بیٹھےتاکہ انتخابی ساکھ کو بحال کیا جا سکے،انتخابی عمل میں ٹیکنالوجی کے استعمال سے ملک میں جمہوری نظام مستحکم ہو گا ،بدقسمتی سے گذشتہ ادوار میں کوئی نئی اصلاحات نہیں کی گئیں،انتخابی عمل کی ساکھ برقرار رکھنے کیلئے صرف الیکٹرانک ووٹنگ مشین ہی اس کا حل ہے۔ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عامر محمود کیانی نے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی سے متعلقہ اعتراضات دور کرنے کیلئے واحد حل انتخابی اصلاحات ہیں، ہماری حکومت اپنے انتخابی نظام میں اصلاحات لانے کیلئے پرعزم ہے جبکہ شفافیت اور ساکھ کے ساتھ ساتھ جمہوریت کے استحکام کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال عمل میں لانا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے مطابق 1970 کے انتخابات کے علاوہ ہر انتخابات کے نتائج پر سوالیہ نشان اٹھائے جاتے رہے ہیں، اب ہم ایک سال سے اپوزیشن سے کہہ رہے ہیں کہ وہ موجودہ انتخابی نظام میں اصلاحات لانے کیلئے ہمارے ساتھ تعاون کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم انتخابی اصلاحات اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں جو کہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کیلئے بہترین آپریشن ہے، پر بات چیت کیلئے تیار ہیں، الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے استعمال کے حوالہ سے تمام تکنیکی مسائل بات چیت سے حل کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں انتخابی عمل کو دھاندلی سے پاک بنانے کیلئے ایسی ٹیکنالوجی کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہی وقت ہے کہ انتخابی اصلاحات پر بات چیت کیلئے حکومت اور اپوزیشن مل بیٹھیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہبا ز گل نے تمام سیاسی فریقین پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور حکومت کے ساتھ مل بیٹھ کر انتخابی اصلاحات کیلئے کام کریں، وزیراعظم عمران خان ملک کے انتخابی نظام میں شفافیت لانے کیلئے دو دہائیوں سے آواز اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اصولی طور پر یہ فیصلہ لے لیا ہے کہ آئندہ عام انتخابات انتخابی اصلاحات کی بنیاد پر کرائے جائیں گے۔ تحریک انصاف کے سیکرٹری احمد جواد نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابی عمل میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے حکومتی کوششوں میں اس کا ساتھ دینا چاہئے۔

رکن قومی اسمبلی شیر علی ارباب نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے استعمال کیلئے ضروری سیاسی مشاورت ہونی چاہئے تاکہ انتخابات میں شفافیت لائی جا سکے، الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سے رات گئے تک انتخابی نتائج کے انتظار کی بجائے تیزی سے نتائج دستیاب ہوں گے جبکہ ان اصلاحات سے عوام، سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کا انتخابی اصلاحات پر اعتماد بڑھے گا۔ دریں اثنا سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے انتخابی اصلاحات کیلئے سیاسی جماعتوں سے رابطوں کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ سپیکر کا کہنا ہے کہ انتخابی عمل پر عوامی اعتماد بحال کرنے کیلئے اصلاحات ضروری ہیں۔ آئندہ انتخابات سے قبل انتخابی اصلاحات کا عمل مکمل کرنا ہو گا تاکہ انتخابات میں شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔