پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما چوہدری محمد سرور کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

52

اسلام آباد ۔ 2 اگست (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ عمران خان نے پاکستان میں تبدیلی کے لئے 22 سال تک طویل ترین جدوجہد کی ہے، الیکشن 2018ءمیں خیبرپختونخوا، پنجاب اور سندھ میں شاندار کامیابی عمران خان کی جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ جمعرات کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرکز میں حکومت سازی کے حوالے سے اکثر آزاد ارکان اسمبلی نے تحریک انصاف کو حمایت کی یقین دہانی کرائی اور کئی ارکان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر چکے ہیں، وفاق، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف آسانی سے حکومت تشکیل دیدے گی۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ عمران خان نے ملک میں گزشتہ حکومت کے دوران سخت ترین اپوزیشن کا کردار ادا کیا اور اس وقت کی حکومت کو ٹف ٹائم دیا، ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں، حالیہ انتخابات کے بعد تحریک انصاف کی حکومت کو بھی ایک سخت اپوزیشن کا سامنا کرنا پڑے گا، یہ چیزجمہوریت کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔