پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عمر سرفراز چیمہ کابیان

101

اسلام آباد ۔ 12 مارچ (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ نواز شریف اور بلاول بھٹو کی ملاقات کا مقصد یہ ہے کہ وہ صرف 62، 63 ہی نہیں بلکہ ہر اس قانون سے چھٹکارا چاہتے ہیں جو لوٹ مار میں کسی بھی طرح سے رکاوٹ بنتا ہے، پیپلز پارٹی نے نواز شریف کے ساتھ ”چارٹر آف ڈکیتی“ بنایا اور باری باری قوم کو لوٹا، احتساب سے بچنے کیلئے لگایا جانے والا کوئی سیاسی تماشا کارگر ثابت نہیں ہو گا۔ انہوں نے یہ بات منگل کو اپنے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ بلاول۔نواز ملاقات کا نتیجہ یہ نکلا کہ دونوں آئین کے آرٹیکل 62، 63 سے چھٹکارا چاہتے ہیں، 62، 63 کو آئین سے نکالا جائے تاکہ لوٹ مار کی کھلی چھوٹ ملے اور کوئی پوچھنے والا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اکانومسٹ کی جس رپورٹ سے پیپلز پارٹی کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہا ہے وہ پیپلز پارٹی اور ان کی اتحادی (ن) لیگ کے منہ پر طمانچہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں نے مل کر قوم کو لوٹا اور بیرون ملک تجوریاں بھریں، دونوں کی لوٹ مار کا خمیازہ مہنگائی کی شکل میں عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ دونوں نے ادارے تباہ کئے اور ایک دوسرے کے خلاف مقدمے قائم کئے، جب بھی احتساب کا امکان نظر آیا دونوں اکٹھے ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتیں آج بھی صرف اپنی لوٹ مار بچانے کیلئے ایک دوسرے سے بغل گیر ہو رہی ہیں، جمہوریت میں انہیں کل دلچسپی تھی نہ آج کوئی لگاو¿ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج عدالتیں ان کیلئے عام معافی کا اعلان کر دے تو جہموریت کو کوئی خطرہ باقی نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ لوٹ مار کا آئینی دروازہ کھولنے دیں گے نہ ہی 62، 63 سے چھٹکارے کی کوششیں کامیاب ہونے دیں گے، قوم دونوں سے لوٹ مار کا پیسہ نکلوانے میں سنجیدہ ہے۔