پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اظہار خیال

54

اسلام آباد ۔ 4 جولائی (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں نگراں سیٹ اپ پر ہمارے تحفظات ہیں، جہاں دیکھا کہ نگران سیٹ اپ نے غیر جانبداری کا مظاہرہ نہیں کیا تو ہم اپنی آواز ضرور بلند کریں گے، بلاول بچہ ہے پروٹوکول میں نکلتا ہے جس کے پیچھے زرداری کی طاقت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2013ءکے انتخابات میں ہم نے سوچا تک نہیں تھا کہ دھاندلی بھی ہو گی کیونکہ سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کے لیے ایک پوری تحریک چلی تھی اور ہم سب نے آزاد عدلیہ کے لیے سٹینڈ لیا، یہاں تک کہ میں نے 8 روز جیل میں بھی گزارے کیونکہ ہم تو یہ امید لگا کر بیٹھے ہوئے تھے کہ ملک میں آزاد عدلیہ اور چیف جسٹس کے ہوتے ہوئے کسی کو دھاندلی کی جرات بھی نہیں ہو گی لیکن ہمیں یہ پتہ ہی نہیں تھا کہ اس وقت کے چیف جسٹس افتخار چوہدری اس انتخابی دھاندلی میں پورے ملوث تھے اور جنہیں نگران حکومت ملی انہوں نے بھی پنکچر لگائے کیونکہ ساری انتظامیہ سمیت تمام پولنگ سٹاف ان کا تھا جبکہ اس وقت کا الیکشن کمیشن بھی ان کے ساتھ ملا ہوا تھا لہٰذا اس انتخاب اور اس انتخاب میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں 2013ءکے انتخابات کے بعد یہی بات کہہ رہا تھا کہ جب ساری جماعتیں کہہ رہی ہیں کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے تو اس کی تحقیقات ہونی چاہیئں اور یہ تحقیقات اس لیے بھی ہونی چاہیئں کہ اگلے انتخابات میں دھاندلی نہ ہو جس کے لیے مجھے دھرنا بھی دینا پڑا ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا تو بالکل سیدھا معاملہ ہے اگر امپائرز اس کے اپنے نہیں تو امپائرز اس کے خلاف ہیں، اگر عدلیہ کے اندر اس کا جسٹس قیوم نہیں بیٹھا تو عدلیہ بھی اس کے خلاف ہے، اسی طرح اصغر خان کیس میں اگر اسے پیسے نہیں ملتے تو اس کا مطلب ہے پیسے کسی اور کو مل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے بڑی امید ہے کہ 25 جولائی کے بعد ہمارے ملک کو ایک موقع ملے گا کہ یہ اپنا راستہ بدلے اور وہ ملک بنے جو اسے بہت پہلے بننا چاہیئے تھا۔