پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی سے ترک سفیر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال

93

اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):چیف آ رگنائزر پاکستان تحریک انصاف سیف اللہ خان نیازی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی باہمی برادرانہ اور گہرے تاریخی رشتوں سے جڑے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نےپاکستان میں ترکی کے سفیر احسان مصطفیٰ یردکل سے ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات کے دوران مرکزی سینئر نائب صدر ارشد داد، چیف الیکشن کمشنر جمال انصاری اور مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل عمر فاروق مائر بھی موجود بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران دوطرفہ معاملات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔پاکستان تحریک انصاف اور ترکی کی حکمران جسٹس اینڈ ڈیویلپمنٹ پارٹی کے مابین روابط پر خصوصی گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں ٹیکسٹائل کے شعبے میں ترکی کی کامیابیوں پر بھی بات چیت کی گئی۔افریقہ میں ترکی کی معاشی سفارتکاری اور اس کے نتیجے میں ملنے والی کامیابیاں بھی زیر بحث آئیں۔ چیف آ رگنائز ر پاکستان تحریک انصاف سیف اللہ خان نیازی نے کہا کہ پاکستان اور ترکی باہمی برادرانہ اور گہرے تاریخی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں، حال ہی میں ترکی کا شہر ازمیر زلزلے کی زد میں آیا تو پوری پاکستانی قوم نے اس کا درد محسوس کیا۔زلزلے کے نتیجے میں جان و مال کے نقصان پر گہرے رنج اور ترک بھائیوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں،ترکی کے سفیر نے کہا کہ ترکی پاکستان کے ساتھ تعلقات کو نہایت اہمیت کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔وزیراعظم عمران خان اور ترک صدر رجب طیب اردگان کے مابین نہایت خلوص اور احترام کا رشتہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے مابین سفارتی، معاشی اور سیاسی تعلقات بھرپور انداز میں پروان چڑھ رہے ہیں۔