اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ہمیشہ عدالتوں کے فیصلوں کا احترام کرتی ہے، وزیراعظم عمران خان نے عدلیہ کی آزادی کے لئے بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ قومی ادارے بغیر کسی سیاسی مداخلت کے اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اداروں کو مزید مستحکم بنانے کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور اقتدار میں مافیاز کی سرپرستی کی، ملک میں شوگر مافیا کو مضبوط بنانے کی ذمہ دار بھی مسلم لیگ (ن) ہی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی مسئلہ ہے، پاکستان کشمیر کے حوالے سے اپنے دیرینہ موقف پر قائم ہے اور پوری امت مسلمہ اس معاملے پر پاکستان کے موقف کے ساتھ کھڑی ہے۔