اسلام آباد۔18مئی (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف 21 مئی بروز جمعہ کو فلسطین کے عوام کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کرے گی، چیف آرگنائزر سینیٹر سیف اللہ خان نیازی نے تمام ریجنل اور ضلعی تنظیموں کو ہدایات جاری کردیں۔ منگل کو پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان کے مطابق چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سینیٹر سیف اللہ خان نیازی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے اعلان کے بعد تحریک انصاف اسرائیلی بربریت کے خلاف بھرپور آواز بلند کرے گی۔
ملک بھر میں تنظیمی ذمہ داران وباءکو مدنظر رکھتے ہوئے اہلِ فلسطین سے بھرپور اظہار یکجہتی کی تیاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنان 21 مئی کو نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد ہر ضلع میں قائم پریس کلب کے باہر جمع ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ذمہ داران وباءسے بچائو کی تدابیر کو بطورِ خاص مدنظر رکھتے ہوئے اجتماعات کی منصوبہ بندی کریں۔
اجتماعات کے شرکاءماسک پہنیں گے اور سماجی فاصلے کا اصول پوری طرح ملحوظِ خاطر رکھا جائے گا۔ منتظمین بہرصورت علیل افراد کی اجتماعات میں شرکت کی حوصلہ شکنی کریں گے۔ اجتماعات کی کارروائی کو مختصر رکھا جائے گا اور غیر ضروری طوالت سے گریز کیا جائے گا۔
سینیٹر سیف اللہ خان نیازی نے کہا کہ کم عمر بچوں یا ضعیف افراد کی اجتماعات میں شرکت سے گریز کیا جائے گا، کارکنان پارٹی پرچموں، پاکستانی جھنڈوں اور پلےکارڈز کے ذریعے مظلوم فلسطینی بھائیوں کا مقدمہ دنیا میں اجاگر کریں گے۔ میڈیا و سماجی میڈیا خصوصاً عالمی ذرائع ابلاغ میں اسرائیل کی ننگی جارحیت کو بے نقاب کیا جائے گا۔