پاکستان تحفہ خداوندی ہے ، اس کا تحفظ ہمارا مقصدِ حیات ہونا چاہیے، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات چوہدری محمد شہباز بابر کا تقریب سے خطاب

253
پاکستان تحفہ خداوندی ہے ، اس کا تحفظ ہمارا مقصدِ حیات ہونا چاہیے، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات چوہدری محمد شہباز بابر کا تقریب سے خطاب

اسلام آباد۔22مارچ (اے پی پی): وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات چوہدری محمد شہباز بابرنے کہا ہے کہ ہمارا اتحاد ہی ہماری سب سے بڑی طاقت ہے، ہم متحد رہیں گے تو دشمن اپنے مذموم عزائم کبھی پورے نہ کرسکے گا، پاکستان تحفہ خداوندی ہے جس کی قدر و منزلت اور تحفظ ہمارا مقصدِ حیات ہونا چاہیے،23مارچ تجدید عہد کا دن ہے ، آج ہمیں یہ عزم کرنا چاہیے کہ وطن عزیز کی تعمیروترقی اور اس کے دفاع کیلئے ہم اپنا تن من دھن قربان کردیں گے۔

وہ بدھ کو انفارمیشن سروسز اکیڈمی میں وزارت اطلاعات و نشریات کے ذیلی ادارے ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز (ڈی ای ایم پی ) کے زیر اہتمام یوم پاکستان کی مناسبت سے ڈیجیٹل فوٹوگرافک ایگزبیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز طارق محمود ، ڈائریکٹر فلم آصف الرحمان ، ڈپٹی ڈائریکٹر ایگزبیشن ڈی ای ایم پی فارینہ مغل کے علاوہ وزارت اطلاعات و نشریات کے افسران اور جڑواں شہروں کے طلبا و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی ۔

مہمان خصوصی اور شرکا کو نمائش سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے ایگزیکٹوڈائریکٹر جنرل ڈی ای ایم پی طارق محمود نے بتایا کہ ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز نے جڑواں شہروں کے تعلیمی اداروں کے طلباو طالبات کے لئے تحریک پاکستان ، تحریک آزادی کشمیر سے متعلق ڈیجیٹل تصاویر ، پینٹگز کے مقابلوں کا انعقاد کیا ۔ 200 سے زائد تصاویر اور پینٹگز میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی پیٹنگز کو منتخب کر کے اس نمائش میں رکھا گیا ہے ۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات چوہدری محمد شہبازبابر نے نمائش کے افتتاح کے بعد شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مارچ 1940ء کا دن ہماری قومی تاریخ کا سنگِ میل اور جدوجہد آزادی کا اہم موڑ ہے، ا س دن مسلمانانِ برصغیر نے اپنی منزل کا تعین کیا تھا۔

انہوں نے کا کہ یوم پاکستان پر یہ ہی پیغام سب کے لئے ہے کہ آپ دیانتداری اور خلوص سے ملک کی خدمت کریں اور پاکستان کیلئے تن من دھن قربان کرنے کا عزم کریں ۔انہوں نے کہا کہ 23 مارچ یوم تجدید عہد کاتقاضاہے کہ ہم اپنے ذہن کے گوشہ میں سوئے ہوئے افکار کو بیدار کرتے ہوئے ، قیام پاکستان کے لئے چلائی گئی تحاریک کو اپنی بصیرت سے دیکھتے ہوئے، قیام پاکستان کے لئے دی گئی قربانیوں کی یاد کو تازہ کرتے ہوئے غور کریں کہ قیام پاکستان کا مقصد کیا تھا ۔چوہدری محمد شہباز بابرنے کہا کہ ہم پاکستان کو ایک پرامن اور بہترین ملک بنائیں گے ، ہم اہل پاکستان کی زمہ داری ہے کہ با ہمی تنازعات اور فرقہ بندیاں، صوبائی و علاقائی تعصب کو بھلا کر خوشحال و مستحکم اسلامی فلاحی ریاست پاکستان کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں ۔

قبل ازیں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات چوہدری محمد شہباز بابر نے ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز کی جانب سے تحریک پاکستان ، قیام پاکستان ،قائداعظم اور علامہ اقبال کی زندگیوں کے حوالے سے تصانیف اور تاریخی دستاویزات پر مشتمل کتب کے سٹال کا دورہ کیا ۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے نمائش کے افتتاح کے بعد نمائش میں رکھی ہوئی تصاویر ، پینٹگز کا مشاہدہ کیا اور قیام پاکستان کے 75 سالوں میں ہونے والی ترقیوں اور کامیابیوں پر مبنی دستاویزی فلم بھی دیکھی ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایگزبیشن فارینہ مغل نے تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی اور شرکا کا شکریہ ادا کیا ۔