نیویارک۔19مئی (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان اور ترکی کے درمیان دوطرفہ شراکت داری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ترکی کے ساتھ اقتصادی تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔ وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ان خیالات کا اظہار ترک اپنے ہم منصب موولت کاوو سوگلو سے عالمی تحفظ خوراک کیلئے لائحہ عمل کے حوالہ سے منعقدہ وزارتی اجلاس کے موقع پر ملاقات کے دوران کیا۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دونوں ممالک کے درمیان شاندار دوطرفہ شراکت داری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے ترکی کے ساتھ اپنے وسیع البنیاد تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سال نومبر میں پاکستان اور ترکی کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کو بھرپور طریقہ سے منایا جائے گا۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے تنازعہ پر ترکی کے اصولی موقف پر ترک حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے ترک وزیر خارجہ کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اقدامات اور نام نہاد حد بندی کمیشن کے حوالہ سے پاکستان کے موقف سے آگاہ کیا۔ انہوں نے مختلف بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام اور افغانستان میں انسانی بحران سے نمٹنے کیلئے ترکی کی حمایت کو سراہا۔
انہوں نے ترکی کے ساتھ اقتصادی تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور ترکی کے تعلقات کو فروغ دینے کیلئے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیاگیا ۔