پاکستان تکنیکی مہارت کے ذریعہ عالمی تعاون کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے، سیکرٹری اقتصادی امورڈاکٹرکاظم نیاز

60

اسلام آباد۔2جنوری (اے پی پی):سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن ڈاکٹرکاظم نیاز نے کہاہے کہ پاکستان تکنیکی مہارت کے ذریعہ عالمی تعاون کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے اوراس ضمن میں پاکستان تکنیکی معاونت پروگرام کا آغاز کردیا گیاہے۔ انہوں نے یہ بات 119 ویں ایڈوانس ریلوے کورس میں شرکت کرنے والے بین الاقوامی وفد کے ساتھ منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ یہ دورہ وزارت کے زیر انتظام پاکستان تکنیکی معاونت پروگرام کے تحت منعقد کیا گیا ہے۔

سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز کی زیر صدارت اجلاس میں آذربائیجان، یوگنڈا، گھانا، تنزانیہ اور سری لنکا کے اعلیٰ سطح کے شرکاء کے علاوہ وزارت اقتصادی امور اور پاکستان ریلوے کے سینئر حکام نے شرکت کی۔ سیکرٹری اقتصادی امور نے 119 ویں ایڈوانس ریلوے پروگرام میں شرکاء کی فعال شمولیت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کاپرتپاک خیرمقدم کیا۔ انہوں نے تکنیکی مہارت کو بڑھانے اور عالمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے وزارت کے غیر متزلزل عزم کے مظاہرے کے طور پر پاکستان تکنیکی معاونت پروگرام کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ حکومت پاکستان 1976 سے پاکستان ٹیکنیکل اسسٹنس پروگرام کے ذریعے دوست ترقی پذیر ممالک کو تکنیکی مدد فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی شراکت داری کے قیام میں بین الاقوامی تعاون کا کردار اہمیت کاحامل ہے۔

اجلاس میں شرکاء نے پاکستان ٹیکنیکل اسسٹنس پروگرام کے تحت اپنے تربیتی پروگرام کو سپانسر کرنے پر وزارت اقتصادی امور کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ وفد نے تربیتی پروگرام پر مجموعی طور پر اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ ان کی پیشہ ورانہ ترقی میں اہم کرداراداکرے گا۔ سیکرٹری اقتصادی امورنے تربیتی ماڈیولز کو مزید بہتر بنانے کے لیے پاکستان ریلوے اکیڈمی جیسے پارٹنر ٹریننگ اداروں کے ساتھ تعاون کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے فیلڈ ٹورز کے ساتھ لیکچر روم لرننگ کو متوازن کرتے ہوئے پیچیدہ کورس کی منصوبہ بندی کی اہمیت پر زور دیا۔