اسلام آباد ۔ 29 ستمبر (اے پی پی) پاکستان تھروبال فیڈریشن نے نیشنل گیمز کے لیے مرد اور خواتین ٹیموں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔ پاکستان تھروبال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل مقبول آرائیں نے بتایاکہ نیشنل گیمز کے لیے مردوں اور خواتین کی چھ، چھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔ مردوں کی ٹیموں میں پاکستان واپڈا، پاکستان پولیس، سندھ، پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا جبکہ خواتین کی ٹیموں میں سندھ، پنجاب، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کلیگن کی ٹیمیں شامل ہیں۔ نیشنل گیمز 26 اکتوبر سے یکم نومبر تک پشاور میں کھیلی جائیں گی۔