24.8 C
Islamabad
پیر, ستمبر 1, 2025
ہومتجارتی خبریںپاکستان جاپان اور دیگر ترقیاتی شراکت داروں کے اعتماد اور ساکھ کو...

پاکستان جاپان اور دیگر ترقیاتی شراکت داروں کے اعتماد اور ساکھ کو برقرار رکھنے کے لئے پرعزم ہے، وفاقی وزیرخزانہ کی جاپان کے سفیرسے ملاقات میں گفتگو

- Advertisement -

اسلام آباد۔16جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداورنگزیب نے جاپانی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان جاپان سمیت دو طرفہ اور کثیرالجہتی ترقیاتی شراکت داروں کے اعتماد اور ساکھ کو برقرار رکھنے میں پرعزم ہے، جاپان کی سفارتی، اقتصادی، اور تکنیکی مدد پرشکرگزارہیں۔

انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں پاکستان میں جاپان کے سفیر اکاماتسوشوئی چی سے ملاقات میں کہی۔ملاقات دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی ودو طرفہ تعلقات اور گہرے اقتصادی تعاون کے مواقع پر گفتگو ہوئی۔وزیر خزانہ نے سفیرکو اسلام آباد میں ان کی سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پرمبارکباددی اورانہیں خوش آمدید کہا۔

- Advertisement -

انہوں نے کہاکہ پاکستان اورجاپان کے درمیان دیرینہ شراکت داری ہے جس کوپاکستان سراہتاہے۔ وزیرخزانہ نے پاکستان میں معیشت کے استحکام اور مثبت پیش رفت پرروشنی ڈالی۔انہوں نے بتایا کہ مختلف شعبوں میں کلیدی وڈھانچہ جاتی اقدامات کاسلسلہ جاری ہے جن میں مالیاتی فریم ورک، ٹیکسیشن، خصوصی اقتصادی زونز، توانائی، وفاقی حکومت میں اصلاحات اور نجکاری کی کوششیں شامل ہیں۔وزیر خزانہ نے کہاکہ حکومت اپنی اصلاحاتی ایجنڈے کو جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہے، اور آبادی میں تیزی سے اضافہ اور ماحولیاتی تبدیلیوں جیسے اہم مسائل کے حل پر توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے عالمی بینک کے ساتھ 10 سالہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کی اہمیت پر روشنی ڈالی جوکلیدی چیلنجز سے نمٹنے اور پائیدار و جامع اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لئے بنایا گیا ہے۔

انہوں نے جاپان سمیت دو طرفہ اور کثیرالجہتی ترقیاتی شراکت داروں کے اعتماد اور ساکھ کو برقرار رکھنے کے لئے پاکستان کے عزم کااعادہ کیا اور جاپان کی سفارتی، اقتصادی، اور تکنیکی مدد پر شکریہ ادا کیا۔ وزیرخزانہ نے جاپانی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری خاص طور پر مینوفیکچرنگ اور پیداوار کے شعبے میں کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی جو ملک کی برآمدی اضافے میں معاون ثابت ہوگا۔جاپان کے سفیرنے پاکستان میں معاشی استحکام اور حکومت کی اصلاحاتی کوششوں میں ہونے والی پیش رفت کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان میں جاپانی سرمایہ کاری کاذکرکرتے ہوئے کہاکہ اس وقت تقریباً 80 جاپانی کمپنیاں ملک میں کام کر رہی ہیں جنہوں نے 65 ہزار سے زائد مقامی ورکرز کو ملازمت فراہم کی ہے، یہ کمپنیاں پاکستانی معیشت میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔وزیرخزانہ نے جاپان کی گراں قدر خدمات کا اعتراف کیا اور جاپانی سرمایہ کاروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنے کی یقین دہانی کرائی، تاکہ ان کی تجاویز کو آئندہ وفاقی بجٹ کی پالیسی فریم ورک میں شامل کیا جا سکے۔ فریقین نے دو طرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں