اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے افہام و تفہیم کی فضاء کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان جنوبی ایشیاء میں امن کا خواہاں ہے ، سندھ طاس معاہدے کو کبھی چیلنج نہیں ہونے دے گا، گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعاون خاص طور پر معیشت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں مزید بہتری آئی ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف اور متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زید النہیان کے درمیان بدھ کو ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی ۔
وزیراعظم نے جنوبی ایشیاء میں حالیہ بحران کو کم کرنے کے لئے متحدہ عرب امارات کی سفارتی کوششوں اور تعمیری کردار کے لئے تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیاء میں امن کا خواہاں ہے اور اسی جذبے کے تحت بھارت کے ساتھ جنگ بندی مفاہمت پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے افہام و تفہیم کی فضاء کو برقرار رکھنے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا لیکن ساتھ ہی پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرنے کے بھرپور عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ پاکستان سندھ طاس معاہدے کو کبھی چیلنج نہیں ہونے دے گا۔ وزیراعظم نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گرمجوش، قریبی اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران دونوں دوست ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون خاص طور پر معیشت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں مزید بہتری آئی ہے۔ انہوں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات کو باہمی فائدہ مند اقتصادی شراکت داری میں بدلنے کے عزم کا اعادہ کیا۔متحدہ عرب امارات کے صدر نے امن کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے جنگ بندی مفاہمت کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات جنوبی ایشیاء میں امن و استحکام کی بحالی کی حمایت کرتا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597073