اسلام آباد۔27فروری (اے پی پی):پاکستان جوڈو فیڈریشن کے زیر اہتمام ایشین سینئر جوڈو چیمپئن شپ کی تیاری کےلئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 10 مارچ سے اسلام آباد میں شروع ہوگا۔
پاکستان جوڈو فیڈریشن کے نائب صدر اور میڈیا ڈائریکٹر مسعود احمد خان نے ’’اے پی پی ‘‘کو بتایا کہ تربیتی کیمپ میں 20 کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے جن 12 مرد اور 8 خواتین شامل ہیں۔ تربیتی کیمپ میں کوچز کھلاڑیوں کو جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت فراہم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ 18 سے 23 اپریل تک ہانگ کانگ میں کھیلی جائے گی جس میں پاکستان سمیت ایشیا بھر کے ممالک کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی کیمپ میں سے باصلاحیت 6 مرد اور 4 خواتین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا۔ مسعود احمد خان نے کہا کہ ایونٹ میں شرکت فنڈ سے مشروط ہے، اگر سپورٹس بورڈ فیڈریشن کو فنڈز دیتا ہے تو ہم بھرپور طریقے سے ایونٹ میں شرکت کریں گے۔