اسلام آباد۔28فروری (اے پی پی):پاکستان جوڈو فیڈریشن نے جونیئر کھلاڑیوں کو جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت کے لیے بیرون ملک بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پاکستان جوڈو فیڈریشن کے نائب صدر اور ڈائریکٹر میڈیا مسعود احمد خان نے اے پی پی کو بتایا کہ فیڈریشن نے مئی سے جولائی تک 3 ماہ کے لیے 14 مرد اور خواتین کھلاڑیوں کو ازبکستان ، تاجکستان اور کرغزستان میں جونیئر کھلاڑیوں کو تربیت کے لیے بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جہاں پر ان ممالک کے کوچز ہمارے جونیئر اور کیڈٹ جوڈو کاز کو جدید اوراعلیٰ معیار کی تربیت سے آراستہ کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ان ممالک کے حکام سے گزشتہ سال نومبر میں ملاقاتیں ہوئی ہیں اور انہوں نے ہمیں یقین دہانی کرائی ہے کہ ہمارے کوچز پاکستانی کھلاڑیوں کو تربیت سے آراستہ کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ان ممالک میں جوڈو کھلاڑیوں کو تربیت دینے کے لیے نام اور کوچز موجود ہیں اوروہ ہمارے جونیئر کھلاڑیوں کو جوڈو کے حوالے سے ٹپس دیں گے جس سے جونیئر کھلاڑیوں کے کھیل میں بہتری اور نکھار آئے گا۔ مسعوداحمد خان نے کہاکہ ہم نے تو کھلاڑیوں کو بیرون ملک بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم ان کو ان ممالک میں بھجوانا فنڈز سے مشروط ہے ، اگر سپورٹس بورڈ فیڈریشن کو فنڈز فراہم کرتاہے تو ان جونیئر کھلاڑیوں کو تربیت کے لیے بھجوایا جائے گا ۔