30.5 C
Islamabad
جمعرات, مئی 15, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںپاکستان جوہری پاورپلانٹس اورریسرچ ری ایکٹرزکا تحفظ قومی ذمہ داری سمجھتا ہے...

پاکستان جوہری پاورپلانٹس اورریسرچ ری ایکٹرزکا تحفظ قومی ذمہ داری سمجھتا ہے ،اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر عامر خان کا بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کی سالانہ رپورٹ پر جنرل اسمبلی میں خطاب

- Advertisement -

اقوام متحدہ۔10نومبر (اے پی پی):پاکستا ن نے کہاکہ وہ اپنے جوہری پاور پلانٹس اور ریسرچ ری ایکٹرز کا تحفظ قومی ذمہ داری سمجھتا ہے جو بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے حفاظتی انتظامات کے تحت ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل نمائندہ عامر خان نے ویانا میں قائم اقوام متحدہ کی بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کی سالانہ رپورٹ پر 193 رکنی جنرل اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے جوہری مواد، تابکار مادوں سےمتعلقہ سہولیات اور سرگرمیوں کی حفاظت کے لیے وسیع قانون سازی اور ریگولیٹری فریم ورک کی بنیاد پر ایک جامع نیوکلیئر سیفٹی اور سکیورٹی نظام تیار کیا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ آئی اے ای اےکی رہنما دستاویزات اور بین الاقوامی طریقہ کار کی روشنی میں سکیورٹی رجیم یعنی سکیورٹی کے شعبے میں ریاستی اقدامات کو منظم کرنے کے لیے قواعد اور اصولوں کے نظام کو باقاعدگی سے جائزہ لیا جاتا ہے کیونکہ ایجنسی کے مینڈیٹ کے تحفظ اور تصدیق کے پہلو اس کے اہم ستون ہیں۔

انہوں نے تمام ریاستوں پر زور دیا کہ انہیں اپنے متعلقہ حفاظتی انتظامات کی ذمہ داریوں کی مکمل تعمیل کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایجنسی کے حفاظتی انتظامات کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ ایجنسی کی تصدیق کا نظام صرف اس صورت میں قابل اعتبار رہ سکتا ہے جب اسےمساوی بنیادوں پر لاگو کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ تخفیف اسلحہ اور ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ پر کیا گیا پرانا اتفاق رائے ٹوٹ گیا ہے ۔ پاکستانی سفیر عامر خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا خصوصی اجلاس بلانے کی تجویز پیش کی تاکہ اس پر ایک نیا اتفاق رائے پیدا کیا جا سکے جس میں موجودہ اور ابھرتی ہوئی حقیقتوں کے حوالے سے اقدامات کیے جا سکیں اور تمام ریاستوں کو یکساں تحفظ فراہم کرے۔

انہوں نے کہاکہ ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے حوالے سے نئے اتفاق رائے سے امتیازی سلوک اور دوہرے معیار کو ختم کرنا چاہیے اور اسے مناسب بین الاقوامی حفاظتی انتظامات کے تحت جوہری توانائی کے پرامن استعمال کے فروغ کے لیے ایک متفقہ بنیاد بھی تیار کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) کے حصول کے لیے جوہری ٹیکنالوجی کا استعمال پاکستان کی پہلی ترجیح ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہم جوہری توانائی کو بجلی پیدا کرنے کے ایک قابل اعتماد، مستقل اور کاربن سے پاک ذریعہ کے طور پر دیکھتے ہیں۔پاکستان کی جوہری توانائی کی پیداوار کو بڑھانے کی کوششیں اس حقیقت سے کارفرما ہیں کہ یہ نہ صرف توانائی کی کمی کا شکار ملک ہے بلکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔

پاکستانی سفیر نے کہاکہ پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلی کے باعث سیلاب سےوسیع پیمانے پر ہونے والی تباہ کاریوں نے دنیا بھر کے دیگر ممالک اور لوگوں کے لیے خطرات کو بڑھا دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں حالیہ سیلاب نے گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کو روکنے کے لیے عالمی سطح پر فوری اقدامات کی ضرورت کو ظاہر کیا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ سیلاب کے باعث پاکستان کا ایک تہائی حصہ زیر آب ہے اور3کروڑ 30لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ نقصانات پاکستان کی مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) کا دسواں حصہ ہے۔پاکستانی سفیر نے کہا کہ اس طرح کے عالمی مسائل سے نمٹنے کے لیے عالمی اقدامات ،قریبی اور وسیع تعاون کی ضرورت ہے۔ پاکستانی سفیر عامر خان نے کہا کہ حقیقت میں جوہری توانائی تک رسائی وقت کی ضرورت ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=336656

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں