مکہ مکرمہ ۔2جون (اے پی پی):پاکستان حج مشن مکّہ نے رمی جمرات (شیطان کو کنکریاں مارنے) اور قربانی کے اوقات کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے عازمین حج سے کہا ہے کہ وہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے ان ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔
پیر کو پاکستان حج مشن کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سعودی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں ہر مکتب کے لیے 10 ذوالحج کو رمی جمرات کے مخصوص اوقات مقرر کیے گئے ہیں۔
تمام حجاج کرام کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ناظم کی نگرانی میں گروپ کی صورت میں مقررہ وقت کے مطابق روانہ ہوں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ ہر ناظم اس بات کا ذمہ دار ہوگا کہ ان کے گروپ کے حجاج اپنے مقررہ وقت میں رمی مکمل کریں۔ مزید برآں سعودی حکام نے پاکستانی حجاج کے لیے قربانی کا وقت 10 اور 11 ذوالحج کی درمیانی رات 12:30 بجے مقرر کیا ہے۔
لہٰذا تمام حجاج سے گزارش ہے کہ وہ پہلے دن کی رمی آدھی رات سے پہلے مکمل کر لیں۔ حج مشن نے اللہ تعالیٰ کے مہمانوں کو یہ بھی ہدایت دی ہے کہ وہ 11 ذوالحج کو نماز فجر کے بعد حلق (سر منڈوانا) یا قصر (بال کٹوانا) کر کے احرام کی حالت سے باہر آجائیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=604397