چنائی۔26اکتوبر (اے پی پی):جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے کپتان ٹیمبا باووما نے کہا ہے کہ پاکستان خطرناک ٹیم ہے اور ٹاپ فور میں سے ایک ہے، گرین شرٹس کی کمزوریوں کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے، ہوسکتا ہے کل وہ اپنی بہترین کرکٹ کھیلیں۔
جمعرات کو چنائی میں پریس کانفرنس کے دوران ٹیمبا باوما نے کہا کہ پاکستان کی طاقت اور کمزوریوں کا تجزیہ کیا ہے، کوشش کریں گے کہ پاکستان کی کمزوریوں کا فائدہ اٹھائیں اور ویسا ہی کھیلیں گے جیسا کھیلتے آ رہے ہیں۔ باووما نے کہا کہ پاکستان ایک خطرناک ٹیم ہے اور ٹاپ فور میں سے ایک ہے، وہ ایک دن اگر خراب کھیلتے ہیں تو اگلے دن بہت خطرناک ہو جاتے ہیں۔
انہوں نے اب تک اپنی بہترین کرکٹ نہیں کھیلا، ہوسکتا ہے کل وہ اپنی بہترین کرکٹ کھیلیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے میچ سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہاں بعد میں بیٹنگ کرنا آسان ہے، پچ کی کنڈیشنز دیکھ کر حتمی الیون کا فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے سب سے اہم یہ ہے کہ ہم ٹورنامنٹ میں بہترین پرفارم کریں۔