پاکستان خطے کا اہم ملک بننے جا رہا ہے جس کی وجہ سے دشمن بدامنی پھیلانا چاہتا ہے

93

کوئٹہ ۔ 12 اپریل (اے پی پی) صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو اور صوبائی وزیر صحت میر نصیب اللہ مری نے کہا ہے کہ پاکستان خطے کا اہم ملک بننے جا رہا ہے جس کی وجہ سے دشمن بدامنی پھیلانا چاہتا ہے مگر ہماری سیکورٹی فورسز وطن کے دفاع اور شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کیلئے تیار ہیں، ہزارگنجی کا خودکش دھماکہ کوئٹہ کے عوام کیلئے سیاہ دن ہے، دہشت گردی کے واقعہ میں زخمی ہونے والوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہسپتالوں میں ایمر جنسی، نافذ کی گئی ہے، علاقے کے تعاون سے سیکورٹی فورسز بہت جلد شہداء کے قاتلوں تک پہنچ کر دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچادیں گے، ہزارگنجی میں دہشت گردی کے واقعہ میں کسی خاص کمیونٹی کو ٹارگٹ نہیں کیا گیا ہے، حملہ کا ہدف ہزارہ، مری بلوچ اور سیکورٹی فورسز کے جوان تھے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعہ کو ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سیف سٹی پروجیکٹ پر جلد کام شروع کیا جائے گا۔ عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے سیکورٹی فورسز الرٹ ہیں، دشمن کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے، صوبائی وزراء نے کہا کہ عوام کے تعاون سے سیکورٹی فورسز بہت جلد شہداء کے قاتلوں تک پہنچ کر دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچادے گی، ہزارہ گنجی میں ہونے والے حملہ خودکش تھا جس میں ہزارہ کمیونٹی ، مری بلوچ اور دیگر کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوںنے بتایا کہ سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے اورآئندہ کی حکمت عملی طے کرنے کے لئے وزیراعلیٰ جام کمال خان نے اجلاس بلایا ہے، دہشت گرد خوف وہراس کا ماحول پیدا کرکے بلوچستان میں بدامنی پھیلانا چاہتے ہیں تاکہ صوبے میںجاری ترقیاتی عمل رک جائیں مگر صوبائی حکومت اپنی بہادر سیکورٹی فورسز اور عوام کے باہمی تعاون سے ملک دشمن قوتوں کے عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے عوام کے جان ومال کے تحفظ ہر صورت میں یقینی بنائے گی۔