پاکستان دنیا بھر میں تشدد کے متاثرین کے ساتھ یکجہتی کے طور پر کھڑا ہے، تشدد کے خاتمے اور انسانی وقار کو برقرار رکھنے کے اپنے مسلسل عزم کا اعادہ کرتے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

5

اسلام آباد۔26جون (اے پی پی):پاکستان نے کہا ہے کہ وہ دنیا بھر میں تشدد کے متاثرین کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے اور وہ تشدد کے خاتمے اور انسانی وقار کو برقرار رکھنے کے اپنے مسلسل عزم کا اعادہ کرتا ہے، مقبوضہ فلسطینی علاقے اور بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر میں لوگوں کو قابض طاقتوں کی طرف سے بدترین تشدد اور دیگر ظالمانہ و غیر انسانی سلوک کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے جمعرات کو تشدد کے متاثرین کی حمایت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ اسلام ہر انسان کی حرمت اور وقار کو برقرار رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تشدد یا ظالمانہ، غیر انسانی اور ذلت آمیز سلوک کا کوئی بھی عمل انصاف، رحم اور ہمدردی کی ان اقدار سے مطابقت نہیں رکھتا جو اسلامی تعلیمات کا مرکز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ان اقدار اور اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی رہنمائی میں تشدد کے خاتمے اور تمام افراد کے تحفظات کو مضبوط بنانے کے لئے پرعزم ہے۔

ترجمان نے اپنے پیغام میں کہا کہ احتساب کو یقینی بنانے اور قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے کے لئے پاکستان کی جانب سے قانونی اصلاحات، ادارہ جاتی تحفظات اور نگرانی کے طریقہ کار کو مضبوط بنایا جارہا ہے جبکہ متاثرین کو طبی، قانونی اور نفسیاتی سماجی مدد فراہم کرنے کے لئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان کو غیر ملکی قبضے کے حالات میں جبر کو ایک آلہ تشدد کے طور پر وسیع اور منظم استعمال پر سخت تشویش لاحق ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقے اور بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے لوگوں کے حق خود ارادیت کو دبانے کے لئے قابض طاقتوں کی طرف سے بدترین تشدد اور دیگر ظالمانہ، غیر انسانی و ذلت آمیز سلوک اور سزا کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے اس دن کی مناسبت سے پاکستان کے اس مطالبہ کا اعادہ کیا کہ عالمی برادری ان قابض طاقتوں کے جرائم کی مذمت اور ان کا احتساب کرے، اس کے علاوہ ان کے تشدد اور جبر کے شکار افراد کی حالت زار کو ختم کرنے میں مدد کرے۔