وفاقی وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں حالیہ بہتری کو ملکی معیشت کے لیے اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا سفر ایک واضح سمت اختیار کر چکا ہے اور ملک دوبارہ مضبوط معیشت، بڑھتے ہوئے اعتماد اور پائیدار اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
پاکستان دوبارہ مضبوط معیشت، بڑھتے ہوئے اعتماد اور پائیدار اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ہے، خرم شہزاد

مزید خبریں
اسلام آباد۔24جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں حالیہ بہتری کو ملکی معیشت کے لیے اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا سفر ایک واضح سمت اختیار کر چکا ہے اور ملک دوبارہ مضبوط معیشت، بڑھتے ہوئے اعتماد اور پائیدار اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
جمعہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگز گزشتہ ایک دہائی کے دوران ملکی معیشت کے سفر کی عکاسی کرتی ہیں، مالی سال 17 ۔ 2016 میں پاکستان کی خودمختار ریٹنگ Bتھی تاہم بعد ازاں معاشی بحران کے باعث یہ ریٹنگ مسلسل تنزلی کا شکار ہوئی اور مالی سال 23 ۔ 2022 میں اپنی کمزور ترین سطح پر پہنچ گئی، اب یہ رجحان واضح طور پر تبدیل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل اصلاحات، مالیاتی نظم و ضبط اور معاشی استحکام کی بدولت ایس اینڈ پی گلوبل ریٹنگز نے پاکستان کی خودمختار ریٹنگ بڑھا کر B(مستحکم ) کر دی ہے جو گزشتہ 8 سے 9 برس کی بلند ترین سطح ہے، فچ ریٹنگز نے مالی سال 26 ۔ 2025کے لیے پاکستان کی B-(مستحکم) ریٹنگ برقرار رکھی ہے جبکہ موڈیز نے بھی مالی سال 26 ۔ 2025 میں پاکستان کی ریٹنگ بہتر کرتے ہوئے سی اے اے ون (مستحکم) کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان تینوں عالمی ریٹنگ ایجنسیوں کے اقدامات کے نتیجے میں پاکستان تقریباً ایک دہائی بعد اپنی مضبوط ترین مجموعی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ کی سطح پر واپس آ گیا ہے جو ملکی اصلاحاتی ایجنڈے، مضبوط ہوتے اداروں، بہتر ہوتے معاشی اشاریوں اور پالیسیوں کے تسلسل پر عالمی اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔خرم شہزاد نے کہا کہ بحران سے اعتماد تک، استحکام سے پائیدار اصلاحات تک، پاکستان کا سفر ایک واضح سمت اختیار کر چکا ہے اور ملک دوبارہ مضبوط معیشت، بڑھتے ہوئے اعتماد اور پائیدار اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔








