اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):پاکستان-روانڈا پارلیمانی فرینڈشپ گروپ (پی ایف جی) کا اجلاس بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس کی صدارت کنوینر گروپ رکن قومی اسمبلی آسیہ اسحاق صدیقی نے کی۔ اجلاس میں اراکین فرینڈشپ گروپ انجم عقیل خان، احمد سلیم صدیقی اور سبین غوری نے شرکت کی۔ آسیہ اسحاق صدیقی نے جمہوریہ روانڈا کی ہائی کمشنر فاتو ہریمانا کا خیر مقدم کیا اور تجویز دی کہ روانڈا کی پارلیمنٹ میں بھی ایک ہم منصب پارلیمانی فرینڈشپ گروپ تشکیل دیا جائے تاکہ دوطرفہ روابط کو مزید فروغ ملے اور پارلیمانی تعاون کو مضبوط بنایا جا سکے۔کنوینر نے روانڈا کو درپیش موجودہ چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ روانڈا بھی جموں و کشمیر کی صورتحال کو تسلیم کرے گا اور اس تنازعے کے پرامن حل کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حمایت کرے گا۔انہوں نے زور دیا کہ حکومت سے حکومت (جی ٹو جی) تعاون اور بزنس ٹو بزنس (بی ٹو بی) روابط کو فروغ دے کر تجارت و سرمایہ کاری کی صلاحیت کو اجاگر کیا جائے۔
ساتھ ہی بینکاری شعبے میں تعاون، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مواقع میں توسیع، سیاحت و ثقافتی تبادلے اور پارلیمانی تعاون کو مزید گہرا کرنے پر بھی زور دیا۔ آسیہ اسحاق صدیقی نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان میں روانڈا کا ہائی کمیشن متعلقہ وزارتوں اور اداروں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے پاکستان کی طرف سے زیر التواء مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) کے معاملات کو جلد از جلد از جلد نمٹانے کے لیے کام کرے گا۔جمہوریہ روانڈا کی ہائی کمشنر فاتو ہریمانا نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے اور اقتصادی روابط کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے پاکستان اور روانڈا کے درمیان بڑھتے ہوئے دفاعی تعاون کا بھی ذکر کیا اور اس شعبے میں مزید تعاون کو فروغ دینے کی یقین دہانی کرائی جس میں دفاعی افسران کے لیے خصوصی تربیتی پروگرامز کا آغاز شامل ہے تاکہ ادارہ جاتی روابط اور استعداد کار میں اضافہ کیا جا سکے۔ہائی کمشنر نے روانڈا کی طرف سے بھی زیر التواء مفاہمتی یادداشتوں پر فوری پیش رفت کی یقین دہانی کرائی تاکہ طے شدہ اقدامات کو موثر اور باآسانی نافذ کیا جا سکے۔اجلاس کے شرکا نے پاکستان-روانڈا تعلقات کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا اور دونوں ممالک کی جانب سے شروع کی گئی کاوشوں کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔