اسلام آباد ۔ 19 مئی (اے پی پی) پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) نے کہا ہے کہ پاکستان رواں سال ریکارڈ انٹرنیشنل ٹینس چیمپئن شپس منعقد کر کے نئی تاریخ رقم کرے گا۔ جمعرات کو پی ٹی ایف کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پاکستان چار ایشین ٹینس ٹور منعقد کرے گا جن میں سے دو ٹورنامنٹ لاہور اور دو اسلام آباد میں کھیلے جائیں گے، ان اے ٹی ٹی چیمپئن شپس کو حال ہی میں ایشین ٹینس سرکٹ میں متعارف کرایا گیا ہے، مینز پروفیشنل پلیئرز کے ہر ٹورنامنٹ کی انعامی رقم 5 ہزار ڈالر ہو گی، لاہور میں شیڈول پہلا ایونٹ پاکستان اے ٹی ٹی چیمپئن شپ 16 سے 21 نومبر جبکہ دوسری حسن طارق میموریل ٹینس ٹور 22 سے 29 نومبر تک کھیلا جائے گا، تیسرا اے ٹی ٹی ایونٹ سرینا ہوٹلز ایشین ٹینس ٹور اور نیشنل اوپن ٹینس چیمپئن شپ 12 سے 18 دسمبر اور چوتھا بے نظیر شہید ایشین ٹینس ٹور اور نیشنل ٹینس چیمئپن شپ 19 سے 25 دسمبر تک کھیلی جائے گی۔