پاکستان روس کے ساتھ طویل المدتی اور کثیرالجہتی شراکت داری کا خواہاں ہے ، صدر ڈاکٹر عارف علوی کی روس کے سبکدوش ہونے والے سفیر ڈانیلہ گانیچ سے ملاقات میں گفتگو

100
پاکستان روس کے ساتھ طویل المدتی اور کثیرالجہتی شراکت داری کا خواہاں ہے ، صدر ڈاکٹر عارف علوی کی روس کے سبکدوش ہونے والے سفیر ڈانیلہ گانیچ سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد۔23نومبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے روس کے ساتھ دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین تجارت اور معیشت کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے بےپناہ امکانات موجود ہیں۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر ڈاکٹر عارف علوی پاکستان میں روس کے سبکدوش ہونے والے سفیر ڈانیلہ گانیچ سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ طویل المدتی اور کثیرالجہتی شراکت داری کا خواہاں ہے ، پاکستان روس کے ساتھ تجارت، معیشت، تحفظ ِخوراک ، توانائی، دفاع اور عوامی روابط سمیت تمام شعبوں میں تعاون چاہتا ہے ۔ انہوں نےکہا کہ پاکستان روس کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ۔

صدر مملکت نے دونوں ممالک کے درمیان کثیرالجہتی فورمز پر تعاون کی موجودہ سطح پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نےکہا کہ پاک ۔روس تعلقات اقوام متحدہ کی مرکزیت اور اصولوں پر مبنی عالمی نظام کے مشترکہ نقطہ نظر پر مبنی ہیں ۔

صدر مملکت نے غزہ کی صورتحال ، فلسطینی عوام پر اسرائیلی مظالم پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے خواتین ، بچوں، صحافیوں سمیت ہزاروں فلسطینیوں کے قتل کی مذمت کی۔صدر مملکت نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے میں سفیر کے کردار کو سراہا۔صدر مملکت نے روسی سفیر کے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔