24.7 C
Islamabad
اتوار, اگست 31, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان ریلویزکا جدید مواصلاتی اور سگنلنگ سسٹمز کی تنصیب کا آغاز

پاکستان ریلویزکا جدید مواصلاتی اور سگنلنگ سسٹمز کی تنصیب کا آغاز

- Advertisement -

لاہور ۔24اگست (اے پی پی):پاکستان ریلویز نے اپنے نیٹ ورک کو ڈیجیٹلائز اور خودکار بنانے کے ایک بڑے پروگرام کا آغاز کیا ہے تاکہ ٹرین آپریشنز میں حفاظت کو بڑھایا جا سکے، تاخیر کم ہو اور مسافر و مال برداری کی نقل و حرکت کی کارکردگی میں بہتری لائی جا سکے۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق قومی ریلوے نیٹ ورک کے اہم سیکشنز پر جدید مواصلاتی اور سگنلنگ سسٹمز نصب کیے جا رہے ہیں۔اپ گریڈیشن کے تحت لانڈھی، جمعہ گوٹھ، بڈل نالہ اور سرحد اسٹیشنز پر کمپیوٹرائزڈ انٹر لاکنگ سسٹم نصب کیا جا رہا ہے تاکہ دستی کنٹرولز کی بجائے ٹرینوں کی سمت متعین کرنے اور حادثات کی روک تھام کی صلاحیت میں نمایاں بہتری لائی جا سکے۔

اسی کے ساتھ کراچی۔لاہور سیکشن کے ٹیلی کام نظام کو ڈیجیٹل مائیکروویو ریڈیو کمیونیکیشن سسٹم کے ذریعے اپ گریڈ کیا جا رہا ہے تاکہ ٹرین آپریشنز کے لیے بلا تعطل اور محفوظ ڈیٹا ٹرانسمیشن کو یقینی بنایا جا سکے۔راولپنڈی، لاہور، سکھر اور کراچی ڈویژن میں بتدریج پش ٹو ٹاک ڈیجیٹل کمیونیکیشن نیٹ ورک بھی نافذ کیا جا رہا ہے تاکہ فیلڈ سٹاف اور کنٹرول رومز کے درمیان بروقت ہم آہنگی کو مضبوط کیا جا سکے۔پاکستان ریلویز کے ایک سینئر عہدیدار نے ویلتھ پاکستان کو بتایا کہ موجودہ سگنلنگ سسٹم کا 80 فیصد سے زائد حصہ مکینیکل اور ریلے بیسڈ ٹیکنالوجی پر مشتمل ہے جو چوری، ماحولیاتی نقصان اور آپریشنل خرابیوں کے لیے حساس ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ نئی آٹومیشن مہم کے تحت ایسے آلات کو ذہین، سینسر بیسڈ سسٹمز سے تبدیل کیا جائے گا جو پٹڑی کی صورتحال کی نگرانی اور حفاظتی پروٹوکول پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ وسیع تر خودکار اصلاحات کے طور پر پاکستان ریلویز پلوں کی سیفٹی انسپیکشن کو بھی ڈیجیٹلائز کر رہا ہے اور حساس ڈھانچوں کو سینسر بیسڈ مانیٹرنگ کے ذریعے اپ گریڈ کر رہا ہے۔ اس اقدام کے ساتھ جدید مواصلاتی نظام ریلوے کے صدی پرانے نیٹ ورک میں شفافیت، جوابدہی اور کارکردگی میں اضافہ کریں گے۔

ان تکنیکی اپ گریڈز کو مکمل کرنے کے لیے پاکستان ریلویز نے کئی حصوں کی بحالی شروع کر دی ہے جن میں روہڑی۔خانپور، ٹنڈو آدم۔روہڑی، کیماڑی۔حیدرآباد اور خانیوال۔شاہدرہ بذریعہ شورکوٹ، فیصل آباد اور قلعہ شیخو پورہ شامل ہیں۔ ایک نئی ریلوے لائن بھی تعمیر کی جا رہی ہے جو تھرکول کو قومی نیٹ ورک سے نئے چھور اور پورٹ قاسم پر جوڑے گی جس میں مال برداری کی نقل و حرکت کو ٹریک کرنے کے لیے ڈیجیٹل مانیٹرنگ ٹولز شامل ہوں گے۔

مزید برآں ریلویز 230 نئی ڈیزائن شدہ مسافر کوچز متعارف کرانے کا منصوبہ رکھتا ہے جو 160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ 820 ہائی کیپیسٹی فریٹ ویگنز بھی ریلویز میں شامل ہوں گی جو جدید بریک اور مانیٹرنگ سسٹمز سے لیس ہوں گی۔ یہ سب ڈیجیٹل نیٹ ورک میں ضم کیے جائیں گے تاکہ بیڑے کی حقیقی وقت میں ٹریکنگ اور پیشگی مرمت کو ممکن بنایا جا سکے۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں