لاہور۔8مئی(اے پی پی) وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان ریلویز میں کال سینٹر کا قیام مسافروں اور شہریوں کی مشکلات کا ازالہ کرے گا، مسافروں کو نہ صرف ٹرینوں کی آمدورفت کے حوالے سے تمام تر معلومات کال سینٹر کے ذریعے فراہم کی جائیں گی بلکہ ان کال سینٹرز کو ریلوے حکام اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی خاطر فیڈبیک کے لیے بھی استعمال کریں گے۔ پاکستان ریلویز ہیڈکوارٹرز میں ریلوے انکوائری کے نظام کو جدید کال سینٹر میں تبدیل کرنے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے ہدایت کی کہ ہمیں ٹیلی فون پر ان صارفین کو بھی سیٹ کی بکنگ کی سہولت فراہم کرنی ہے جن کے پاس انٹرنیٹ کی سہولت نہیں ہے ۔ خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ کال سینٹر سروسز کی فراہمی کے لیے کمپنی کا چناﺅ میرٹ ، اہلیت وتجربے کی بنیاد پر کیا جائے گا۔