پاکستان ریلویز کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور عوام کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کا عزم کر رکھا ہے،وفاقی وزیرحنیف عباسی

5
Federal Minister Hanif Abbasi
Federal Minister Hanif Abbasi

لاہور۔29جون (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان ریلویز کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور عوام کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔ اتوار کو لاہور ریلوے اسٹیشن پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کئی اہم منصوبوں اور اصلاحات کا اعلان کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ لاہور، راولپنڈی اور اٹک کے ریلوے اسٹیشنوں کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔ راولپنڈی اسٹیشن پر برقی سیڑھیاں نصب کی جائیں گی جبکہ ملتان اور خانیوال اسٹیشنوں پر صفائی کا نظام آئوٹ سورس کیا جا رہا ہے۔

پنجاب حکومت 40اسٹیشنز پر مفت وائی فائی فراہم کرے گی جبکہ لاہور ریلوے اسٹیشن پر نیا ویٹنگ ایریا بھی تعمیر کیا جا رہا ہے۔حنیف عباسی نے کہا کہ 28کوچز کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے اور وزیراعظم محمدشہبازشریف 19جولائی کو ان منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔ تمام واشنگ لائنز کو آئووٹ سورس کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جبکہ ماڈل ٹکٹ شاپ اور فرنٹ ڈیسک سروسز کا آغاز بھی راولپنڈی سے کیا جائے گاجبکہ آئوٹ سورسنگ کا عمل 30ستمبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ افسران کے غیر ملکی دوروں اور پرتعیش سہولیات پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ چیئرمین اور سی ای او کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر وہ سلون سروس کا استعمال کریں تو کرایہ اپنی جیب سے ادا کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریلویز پر "ڈالرز کی بارش” نہیں ہو رہی کہ 14،14 دن کی چھٹیاں کی جائیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ریلویز کی فریٹ ٹرینوں کو بہتر بنا کر آمدنی بڑھائی جائے گی تاکہ مسافر وں کوٹرینوں پر ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

آئندہ 2 سے 3 برس میں کراچی تا روہڑی ریلوے ٹریک کی تعمیر نو مکمل کر لی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر تمام صوبے اپنے اپنے حصے کا کام کریں تو ایم ایل ون کا منصوبہ خود مکمل کیا جا سکتا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ریلویز کے کھانوں کی کوالٹی کو یقینی بنانے کے لیے فوڈ اتھارٹی کو انسپیکشن کے اختیارات دئیے جا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ میں کوئی خواب نہیں دکھا رہا، ان شا اللہ ہم کر کے دکھائیں گے، پاکستان ریلویز ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور اس کی اپ لفٹنگ کے بغیر اقتصادی ترقی ممکن نہیں۔