لاہور۔15 ستمبر(اے پی پی )وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان ریلویز کی ساتوں ڈویژنوں میں ریلوے اسٹیشنز پر پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے فلٹریشن پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے‘ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت ریلوے اسٹیشنز کو اپ گریڈ کیا جائیگا‘ تجرباتی طور پر ایک یا دو فریٹ ٹرینیں نجی شعبہ کو دے رہے ہیں‘ ریلوے میں 23 ہزار ملازمتوں کی اجازت لےنے کیلئے وزیر اعظم سے درخواست کی ہے‘ وہ ہفتہ کے روز ریلوے ہیڈ کوارٹر لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے‘ اس موقع پر دیگر ریلوے افسران بھی موجود تھے‘ شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان سے ریلوے اراضی کی فروخت کے حوالے سے آرڈیننس لانے کی درخواست کی ہے جبکہ انہوں نے 15 دنوں میں ریلوے اراضی کا ریکارڈ بھی طلب کیا ہے‘ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلویز میں سروسز کو مزید بہتر کرنے کیلئے 10 ہزار ملازمتوں کی فوری ضرورت ہے‘ اس سلسلہ میں وزیر اعظم سے 23 ہزار ملازمتوں کی اجازت لےنے کیلئے وزیر اعظم سے درخواست کی ہے‘ شیخ رشید نے کہا کہ ریلوے اسٹیشنوں پر عوام اور مسافروں کو صاف پانی کی فراہمی کی جائےگی‘ اس سلسلہ میں 7 ڈویژنز میں ریلوے اسٹیشنز پر فلٹریشن پلانٹس لگانے کیلئے ٹینڈر طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘ انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت ریلوے اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن کی جائیگی۔