لاہور۔21فروری (اے پی پی):پاکستان ریلویز کی65 ویں انٹر ڈویژنل ایتھلیٹک چیمپئن شپ کے دو روزہ مقابلے ریلوے سٹیڈیم گڑھی شاہولاہور میں شروع ہو گئے۔ترجمان کے مطابق مقابلوں میں250 کے قریب مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ رہے ہیں۔جنرل مینجر ویلفیئر اینڈ سپیشل انیشیٹو وقار احمد شاہد تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے جنہوں نے چیمپئن شپ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔اس موقع پر وائس پریزیڈنٹ سپورٹس کنٹرول بورڈ حمدان نزیر ، سیکرٹری جنرل سپورٹس کنٹرول بورڈ محمد اسماعیل اور سپورٹس آفیسر ریلوے محمد اویس اکبر بھی موجود تھے۔
مہمان خصوصی جنرل مینجر ویلفیئر اینڈ سپیشل انیشی ایٹو وقار احمد شاہدنے کہا کہ پاکستان ریلوے کھیلوں کا ایک بہت بڑا پلیٹ فارم ہے جس نے کھیلوں کے ہر شعبے میں کئی نامور بین الاقوامی کھلاڑی پیدا کیے ہیں۔ تقریب میں ریلوے کی 9 ڈویژنز سے شرکت کر نے والے افسران اور کھلاڑیوں نے اپنی اپنی ڈویژنوں کے پرچم تھامے مہمان خصوصی کے سامنے مارچ پاسٹ کیا اور سلامی دی۔انٹرنیشنل روئنگ پلیئر مسٹر محمد عادل نے قومی پرچم کے ساتھ مارچ پاسٹ کی قیادت کی جبکہ انٹرنیشنل ٹگ آف وار پلیئر مسٹر یاسر نے ریلوے سپورٹس بورڈ کا پرچم تھاما ہوا تھا۔ترجمان کے مطابق ریلوے سٹیڈیم کو رنگ برنگے بنٹنگز اور جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=564581