پاکستان ریلوے نے مچھ سے پشاور ٹرین سروس بحال کر دی

267
Railways

اسلام آباد۔21نومبر (اے پی پی):پاکستان ریلوے نے مچھ سے پشاور ٹرین سروس بحال کر دی ہے جس پر مسافروں نے خوشی اور مسرت کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی ہے کہ کوئٹہ ست ڈائریکٹ ٹرین سروس بھی جلد بحال ہوگی۔

ریلوے حکام کے مطابق ملک میں حالیہ سیلاب کے 82 روز بعد اہلیان کوئٹہ کا ملک کے دیگرحصوں سے ریل رابطہ بحال ہوگیا ہے۔ پاکستان ریلوے نے مچھ سے پشاور ٹرین سروس بحال کر دی ہے جبکہ کوئٹہ سے ٹرین سروس جنوری کے آخر میں بحال ہونے کاامکان ہے۔

ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے کوئٹہ فرید احمد نے اپنی نگرانی اور سخت سکیورٹی میں 171 ریل مسافروں کوبذریعہ روڈ ٹرانسپورٹ مچھ پہنچایا جہاں سے جعفر ایکسپریس کو پشاور کیلئے روانہ کیا گیا۔

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے پشاور سے مچھ تک ٹرین آپریشن بحالی پر ریلوے کوئٹہ ڈویژن کے افسران کو مبارکباد دی ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے جنوری میں کوئٹہ تک ٹرین آپریشن بحالی کیلئے پر عزم ہے۔