اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):پاکستان ریلوے پولیس نے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہونے پر مجموعی طور پر 3,843 ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور ان کے خلاف ریلوے کی 8 ڈویژنوں میں ایک سال کے دوران تقریباً 3,563 مقدمات درج کیے ہیں۔
وزارت کے سرکاری ذرائع نے اے پی پی کو بتایا کہ پشاور ڈویژن میں تقریباً 641، راولپنڈی میں 561، لاہور میں 1037، مغل پورہ میں 321 ورکشاپس، ملتان میں 389، سکھر میں 206، کراچی میں 343 اور کوئٹہ ڈویژن میں 65 مقدمات درج کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے تمام بڑے ریلوے سٹیشنوں پر ریلوے پولیس ہیلپ ڈیسک قائم کر دیے گئے ہیں اور گزشتہ سال کے دوران ریلوے پولیس کی کارکردگی کافی تسلی بخش رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے پولیس نے 199 لاپتہ لڑکوں اور 73 لڑکیوں کو ان کے ورثاء کے حوالے کیا ہے اور 267 لڑکوں، 159 لڑکیوں اور 47 خواتین کو ، جو گھر سے بھاگ گئی تھیں، ان کے والدین یا بہن بھائیوں اور فلاحی تنظیموں کے حوالے کر چکے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ 2,267 مسافروں کا تقریباً 14.21 ملین روپے مالیت کا گمشدہ سامان ان کے حوالے کیا گیا۔اس کے علاوہ 11,213 مسافروں کو ابتدائی طبی امداد، وہیل چیئرز اور اسٹریچر جیسی دیگر سہولیات بھی فراہم کی گئیں۔ریلوے پولیس کی کارکردگی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پولیس محدود وسائل کے باوجود مستعدی سے فرائض سرانجام دے رہی ہے اور آئندہ سال کے دوران ریلوے پولیس کی کارکردگی کو مزید بہتر کیا جائے گا۔