لاہور۔15 اگست (اے پی پی )پاکستان ریلو ے 17اگست سے مزید اپ اینڈ ڈاﺅن کی 10 ٹرینیں چلانے جارہا ہے۔ چلائی جانے والی ٹرینوں میں ہزارہ ایکسپریس، فرید ایکسپریس، رحمان بابا ایکسپریس، بدر ایکسپریس اور موہنجوداڑو پسنجر شامل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ریلوے ہیڈکوارٹرز آفس لاہور میں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بدر ایکسپریس پہلے فیصل آباد تک چلتی تھی اب اس کو ملتان تک توسیع دیدی گئی ہے۔ اس کے علاوہ کوئٹہ کے لوگوں کو سہولت دینے کے لیے موہنجوداڑوپسنجر کو بھی کراچی تک بڑھادیاگیاہے تاکہ جیکب آباد سے کوئٹہ کی سواری کو بھی سہولت دی جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سب سے بڑی خوشخبری ایم ایل ون کی ہے یہ پاکستان کی تاریخ کا گیم چینجر ہے اور اس کا تاریخی افتتاح ہوگا۔بڑی امید ہے کہ اس کے افتتاح میں چین کی کسی بڑی شخصیت کو دعوت دی جائے گی۔ اس سارے کام کا کریڈٹ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کو جاتاہے کیونکہ جب یہ دورے پرگئے تو انہوں نے چین میں اس ایشوکو اہمیت دی۔ اصل میں ریلوے کا یہ 1861 کا ٹریک تھا جس پر کام ہونے جارہا ہے۔ تین مرحلوں میں کام شروع کیاجائے گا یعنی تین مختلف جگہوں سے کام شروع ہوگا اس پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے کیونکہ سٹرکیں ، پ±ل اور دوسری چیزیں بن جاتی ہیں لیکن ایم ایل ون جیسے بڑے منصبوبے میں چین کی مدد کی ضرورت تھی۔وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے رائل پام کے حوالے سے صحافی کے سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ رائل پام کا ٹینڈر سپریم کورٹ کی طرف سے دی جانے والی تاریخ کے مطابق ہوگا۔