پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن نے بھارت میں ہونے والی ایشن ٹریک چیمپئن شپ کے لیے 6 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کردیا،سید اظہر علی شاہ

64
پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن

اسلام آباد۔3جون (اے پی پی):پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن نے بھارت میں ہونے والی ایشن ٹریک چیمپئن شپ کے لیے 6 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کردیا ہے، حتمی ٹیم کا اعلان ایونٹ کے لئے روانگی سے ایک روز قبل کیا جائے گا۔

پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر سید اظہر علی شاہ نے جمعہ کو اے پی پی کو بتایا کہ ایونٹ کی تیاری کے لیے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ لاہور میں جاری ہے پہلے مرحلے میں فیڈریشن نے 6 باصلاحیت کھلاڑیوں کو شارٹ کیا ہے تاہم حتمی ٹیم کا اعلان ایونٹ روانگی سے ایک روز قبل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایشن ٹریک چیمپئن شپ 18 سے22 جون تک بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں انڈین سائیکلنگ فیڈریشن اور ایشین سائیکلنگ کنفیڈریشن کے تعاون سے منعقد کی جارہی ہے جس میں 42 ایشیا ئی ممالک کی شرکت متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں جاری تربیتی کیمپ سے6 خواتین کھلاڑیوں کا چناؤ کیا گیا تاہم تاحال جاری ہے۔

تربیتی کیمپ میں جنرل سیکرٹری پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن اور کیمپ کمانڈر معظم خان کے ساتھ سخاوت شاہ ٹریننگ سیشن میں کھلاڑیوں کو تربیت دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ٹیم کے ویزوں کے لئے انڈیا ایمبسی کو فارم بمعہ پاسپورٹ بھیج دیئے گئے ہیں تاہم انہوں نےتاحال ویزے جاری نہیں کئے ہیں۔

ویزے جاری ہونے کی صورت میں قومی ٹیم ایونٹ میں شرکت کرے گی۔ 15 جون کو بھارت کے لیے روانہ ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ ایونٹ میں پاکستانی سائیکلسٹوں سے عمدہ کارکردگی کی توقع ہے ۔ایونٹ میں پاکستانی سائیکلسٹ انفرادی ٹائم ٹرائل،انفرادی پرسوٹ ،سپرنٹ ، اور کیرن میں حصہ لیں گے۔

سید اظہر علی شاہ نے کہاکہ وسائل کی کمی کے باوجود ہماری کوشش ہے کہ ہم اس ایونٹ میں بھر پور شرکت کریں اور امید ہے کہ کھلاڑی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔