پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے 5 ارکان نے سوئزر لینڈ سے آن لائن یو سی آئی سائیکلنگ مکینک کورس مکمل کر لیا

7
Pakistan Cycling Federation
Pakistan Cycling Federation

اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے 5 افراد نے سوئزر لینڈ سے آن لائن یو سی آئی سائیکلنگ مکینک کورس مکمل کر کے یو سی آئی سے لیول ون کوچز کاسرٹیفکیٹ حاصل کر لیا ہے۔بدھ کو پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن سے جاری بیان کے مطابق پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن (پی سی ایف) نے یونین سائیکلسٹ انٹرنیشنل (یو سی آئی) کے طے کردہ معیارات کے مطابق تعلیم اور صلاحیت کی تعمیر کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے، اس اقدام کے تحت پاکستان سے پانچ افراد نے سوئزر لینڈ سے یو سی آئی کا آن لائن سائیکلنگ مکینک کورس کامیابی سے مکمل کیا ہے اور اب انہیں یو سی آئی سے لیول ون کوچز کے طور پر سرٹیفکیٹس دیئے گئے ہیں۔

فیڈریشن کے نئے کوالیفائیڈ کوچز میں ماہم طارق، نثار احمد، شایان رحمان، محمد عثمان اور نعیم احمد شامل ہیں۔ان کوچز کی یہ کامیابی پی سی ایف کی جانب سے ٹرینرز کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ اسناد دے کر پاکستان میں سائیکلنگ کو پیشہ ورانہ بنانے کی جاری کوششوں کو اجاگر کرتی ہے۔

فیڈریشن کا مقصد ملک بھر میں نوجوان ٹیلنٹ کو فروغ دینے کے قابل ہنر مند اور باشعور کوچز کی ایک نئی نسل کو پروان چڑھانا ہے، مکینک کورس کے متوازی طور پر قومی سائیکلنگ چیمپئنز کے لئے تیار کردہ ایک اور تعلیمی پروگرام بھی جاری ہے جس میں 30 شریک ہیں۔ اس کورس کے نتائج کا اعلان رواں ماہ کے آخر میں کیا جائے گا۔