پاکستان سارک چیمبر کی صدارت کل دو سال کی مدت کے لیے بنگلہ دیش کے حوالے کرے گا

73
سارک چیمبر کے سبکدوش ہونے والے صدر افتخار علی ملک نے صدارت بنگلہ دیش کے جاشم الدین کے حوالے کر دی

اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):پاکستان سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدارت کل دو سال کی مدت کے لیے بنگلہ دیش کے حوالے کرے گا۔ سارک چیمبر کے سبکدوش ہونے والے صدر افتخار علی ملک ویڈیو لنک کے ذریعہ کل ڈھاکہ میں ایک پروقار تقریب میں چیمبر کی کمان فیڈریشن آف بنگلہ دیش چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف بی سی سی آئی) کے صدر جاشم الدین کو سونپیں گے۔ جاشم الدین بنگال کمرشل بینک لمیٹڈ اور دیش جنرل انشورنس کے چیئرمین اور بنگال گروپ آف انڈسٹریز کے وائس چیئرمین اور ممتاز انسان دوست مخیر شخصیت ہیں۔

جاشم الدین بنگلہ دیش کی تجارتی صلاحیت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مشرق بعید، جنوبی ایشیا، مشرق وسطیٰ، یورپ، امریکہ اور شمالی امریکہ سمیت کئی ممالک کے دورے کر چکے ہیں۔ پاکستان نے دو سال تک سارک چیمبر کی صدارت کی جو سارک کے 8 رکن ممالک کی قومی فیڈریشنز آف چیمبرز کا نمائندہ اعلیٰ ترین تجارتی فورم ہے۔

اس حوالے سے سبکدوش ہونے والے صدر افتخار علی ملک نے کہا کہ سارک چیمبر کے قیام کا مقصد خطے میں تجارت اور صنعت کا فروغ اور ان شعبوں میں مشترکہ مقاصد کے حصول کو یقینی بنانا ہے۔ مزید برآں سارک چیمبر کو پورے خطے میں پرائیویٹ بزنس سیکٹر کی آواز کے طور پر بھی قبول کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سارک کے قیام سے لیکر اب تک پاکستان نے رکن ممالک کے درمیان علاقائی اقتصادی انضمام اور روابط کو فروغ دینے اور اس شاندار فورم کو مظبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔