پاکستان سارک کا بانی رکن ہونے کے ناطے تنظیم کی کامیابی کو بہت اہمیت دیتا ہے، سارک کے چارٹر کے مقاصد کے حصول کیلئے پرعزم رہیں گے،وزیراعظم عمران خان کا سارک کے 36ویں سارک چارٹر ڈے کے موقع پر پیغام

189

اسلام آباد۔8دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان سارک کا بانی رکن ہونے کے ناطے تنظیم کی کامیابی کو بہت اہمیت دیتا ہے، سارک کے چارٹر کے مقاصد کے حصول کیلئے پرعزم رہیں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار سارک کے 36ویں چارٹر ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سارک کے مقاصد مساوی خود مختاری اور باہمی احترام کے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ہی پورے کئے جا سکتے ہیں اور اسی صورت میں ہی ایک خوشحال اور ترقی یافتہ جنوبی ایشیاءکا مقصد حاصل کرنے اور سارک کی حقیقی صلاحیت کو بروئے کار لانے کے قابل ہو سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے پاکستان کے عوام اور حکومت کی طرف سے چارٹر ڈے کے موقع پر جنوبی ایشیاءکے ممالک کی حکومتوں اور شہریوں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ سارک چارٹر علاقائی تعاون کے فروغ اور جنوبی ایشیاءمیں سماجی و اقتصادی ترقی کی رفتار تیز کرنے کیلئے ترتیب دیا گیا اور اس تنظیم سے بڑی تعداد میں لوگوں کی امیدیں اور خواہشات وابستہ ہیں کہ علاقائی تعاون کے ذریعے علاقہ کو درپیش چیلنجوں پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا اہم جغرافیائی اور اقتصادی محل وقوع علاقہ کیلئے ایک بڑا موقع فراہم کرتا ہے اور موجودہ حکومت کا وژن ہے کہ ہم اپنے محل وقوع کو علاقہ اور اس سے آگے عوام کے فائدے کیلئے ایک تجارتی اور راہداری مرکز بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان طویل عرصہ سے حل طلب تنازعات کی وجہ سے سارک ممالک پاکستان کی حقیقی صلاحیت سے فائدہ نہیں اٹھا پائے ہیں اور اب تک خطہ میں سماجی و اقتصادی ترقی اور خوشحالی کا مقصد بھی حاصل نہیں ہو سکا ہے۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ سارک عمل کو مصنوعی رکاوٹیں ڈالے بغیر آگے بڑھنے دیا جائے گا اور علاقائی تعاون کیلئے سارک ایک موثر ذریعہ ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہم تعاون کے جذبہ کے تحت آگے بڑھیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی وبا کی صورتحال میں تمام سارک ممالک کو مل کر کام کرنے اور مشترکہ مفاد کے معاملات پر پہلے سے زیادہ تعاون کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے اس وبا کی وجہ سے خطہ میں حکومتوں کی طرف سے غربت کے خاتمہ کیلئے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا کیونکہ اس خطہ میں دنیا کی غریب ترین آبادی کا ایک بڑا حصہ مقیم ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ ہم سارک کے پلیٹ فارم سے اپنے کمزور ترین طبقات کی آبادی کیلئے وسائل استعمال کریں۔ سارک چارٹر ڈے ہر سال 8 دسمبر کو منایا جاتا ہے، 1985ءمیں ڈھاکہ میں پہلی سارک سربراہ کانفرنس کے دوران سارک ممالک کے رہنماﺅں نے چارٹر پر دستخط کئے تھے۔