کراچی۔ 26 ستمبر (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاکستان سسٹین ایبلٹی ویک ملکی معیشت، توانائی اور صنعت کے فروغ کے لئے سنگ میل ثابت ہوگا، یہ نمائش صنعت، زراعت، اور کاروباری شعبوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گی، پاکستان سسٹین ایبلٹی ویک سے ماحولیاتی تحفظ اور قابل تجدید توانائی کے شعبے میں جدت آئے گی۔
جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایف اے کے ٹی ایگزی بیشن پرائیویٹ لمیٹڈکے زیر اہتمام ایکسپو سینٹر میں پاکستان سسٹین ایبلٹی ویک میں بحیثیت مہمان خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نمائش میں دنیا بھر سے 10 ممالک کی 200 سے زائد نامور عالمی کمپنیوں کی شمولیت خوش آئند ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ نمائش کے انعقاد میں ایف اے کے ٹی کی کاوشیں قابل ستائش ہیں،پروگرام میں شرکت سے تعلیم اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پائیدار ترقی کی راہیں کھلیں گی، یہ تقریب پاکستان میں سیاحت اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گی، گورنر سندھ نے نمائش میں لگائے گئے مختلف سٹالز کا دورہ بھی کیا۔
گورنر سندھ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ متبادل توانائی کی نمائش سے معاشی استحکام آئے گا، ہم سب چاہتے ہیں کہ پاکستان معاشی ترقی کرے، متبادل توانائی کے حوالے سے کراچی میں سولر پینل کی انڈسٹری لگنی چاہیے،سولر سسٹم کے ذریعے سستی بجلی فراہم کی جا سکتی ہے۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ معیشت مستحکم ہوگی تو دنیا میں پاکستان کا نام ہو گا، ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے کامران خان ٹیسوری نے کہاکہ پاکستان جب بھی معاشی طور پر اٹھنے کی کوشش کرتا ہے تو بیرونی سازشیں سر اٹھانے لگتی ہے۔گورنر سندھ کا مزید کہنا تھا کہ معیشت کی بحالی کے لیے ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا، ہمارا مستقبل بہت ہی تابناک ہے۔