اسلام آباد۔11جنوری (اے پی پی):پاکستان نے کہا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ پانچ جنوری جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے دن کے طور پر منایا گیا۔ 1949 میں اس دن اقوام متحدہ کے کمیشن برائے ہندوستان اور پاکستان (یواین سی آئی پی) نے اس بات کی ضمانت دی تھی کہ جموں و کشمیر میں آزادانہ اور منصفانہ استصواب رائے کرایا جائے گا تاکہ کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کا استعمال کر سکیں۔
ترجمان نے کہا کہ حق خودارادیت بین الاقوامی قانون کا ایک بنیادی اصول ہے، ہر سال اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی ایک قرارداد منظور کرتی ہے جو لوگوں کے اپنی تقدیر خود طے کرنے کے قانونی حق کی توثیق کرتی ہے، یہ غیرملکی قبضے کے تحت لوگوں کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے غیر واضح حمایت کا اظہار کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے 70 برس سے زائد عرصہ سے کشمیریوں کو ان کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت سے محروم کر رکھا ہے۔
ترجمان نے بھارت پر زور دیا کہ وہ اپنے غیرقانونی زیرتسلط جموں و کشمیر کے عوام کے حقوق اور آزادی کا احترام کرے تاکہ کشمیری عوام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق اپنے حق خودارادیت کا استعمال کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔