اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے بنیادی حقوق اور آزادیوں کے حصول کے لئےجدوجہد میں لاتعداد قربانیاں دینے والے بہادر کشمیری عوام کے عزم اور حوصلے کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کےحق خودارادیت کے حصول تک ان کی غیر متزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جار ی بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہبا زشریف نے آج (بدھ کو) یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ پاکستان کی حکومت اور عوام ہر سال ’’یوم یکجہتی کشمیر‘‘ مناتے ہیں تاکہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کے لئے ان کی منصفانہ اور جائز جدوجہد کی مستقل حمایت کی تجدید کی جاسکے۔
حق خود ارادیت بین الاقوامی قانون کا ایک بنیادی اصول ہے۔ ہر سال، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی ایک قرارداد منظور کرتی ہے جس میں لوگوں کو اپنے مستقبل کے فیصلے خود کرنے کے قانونی حق پر زور دیا جاتا ہے۔ وزیراعظم نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام 78 سال گزرنے کے باوجود اس ناقابل تنسیخ حق کو استعمال نہیں کر سکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر دنیا کے سب سے بڑے قابض فوجی علاقوں میں سے ایک ہے۔ کشمیری خوف اور دہشت کے ماحول میں جی رہے ہیں۔ سیاسی کارکنوں اور انسانی حقوق کے محافظوں کو طویل حراست میں رکھا جا رہا ہے اور ان کی جائیدادیں ضبط کی جا رہی ہیں۔
کشمیری عوام کی حقیقی امنگوں کی نمائندگی کرنے والی سیاسی جماعتوں پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ ان جابرانہ اقدامات کا مقصد اختلاف رائے کو کچلنا ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ بھارت جموں وکشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے کو مستحکم کرنے کے لیے غیر قانونی اقدامات کر رہا ہے۔ 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے بعد بھارت کی کوششوں کا مقصد اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی آبادی اور سیاسی ماحول کو تبدیل کرنا ہے تاکہ کشمیری اپنی ہی سرزمین میں ایک بے اختیار کمیونٹی میں تبدیل ہو جائیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ مشرق وسطیٰ کی حالیہ پیش رفت اس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ دیرینہ تنازعات کو مزید طول نہیں دیا جانا چاہیے۔
مقامی لوگوں کی حقیقی امنگوں کو دبا کر دیرپا امن حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ عالمی برادری کو جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے مفاد میں بھارت پر زور دینا چاہیے کہ وہ کشمیری عوام کو آزادانہ طور پر اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کی اجازت دے۔ وزیراعظم نےکہا کہ آج کے دن کی مناسبت سے وہ اس بات کا اعادہ کرنا چاہتے ہیں کہ جموں و کشمیر کا تنازعہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ایک اہم ستون رہے گا ۔
پاکستان کشمیری عوام کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے حصول تک ان کی غیر متزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ وہ اس موقع پر بہادر کشمیری عوام کے عزم اور حوصلے کو سلام پیش کرتے ہیں جو اپنے بنیادی حقوق اور آزادیوں کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد میں لاتعداد قربانیاں دے رہے ہیں۔