پاکستان سماجی تبدیلی اور ہمہ جہت معاشرے کی تشکیل کے لئے کھیلوں کی صحت مند سرگرمیوں کو بروئے کار لانے کے لیے پرعزم ہے ،مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ خان

203

پیرس۔25جولائی (اے پی پی):مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ خان نے اس امر پر زور دیا ہے کہ پاکستان ہمہ جہت اور مستحکم معاشرے کی تشکیل کے لئے کھیلوں کی قوت کو بروئے کار لانے کے لیے پرعزم ہے ، پاکستان بہترین طریقوں کا اشتراک کرنے اور اپنے مشترکہ اہداف کی طرف پیشرفت کے لئے دولت مشترکہ اقوام کے ساتھ باہمی تعاون کا خواہاں ہے ۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں سمر اولمپکس کے موقع پر 11ویں دولت مشترکہ سپورٹس منسٹرز اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے کیا ۔ فرانس میں پاکستان کے سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق رانا ثناءاللہ نے کہا کہ یہ ایونٹ ہمیں کھیلوں کی قوت کو اجاگر کرتا ہے جو ہمیں متحد کرنے، حوصلہ افزائی کرنے اور معاشروں میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے ہے۔

"کھیلوں کے ذریعے جامع اور پرعزم معاشروں کی تشکیل” کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں یہ بتاتے ہوئے فخر محسوس ہوتا ہے کہ پاکستان اس وژن کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ ہماری حکومت نے 2025 کو پاکستان میں "کھیلوں کی بحالی” کا سال قرار دیا ہے اور ہم سماجی تبدیلی کے لیے عمل انگیز کے طور پر کھیلوں کو فروغ دینے کا عزم رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام پاکستان کے نوجوانوں کی شرکت کو یقینی بنا کر اور ان کی صلاحیت کو بھرپور طور پر بروئے کار لا کر اس تبدیلی کےمحرک کا کردار ادا کر رہا ہے۔

رانا ثناء اللہ خان نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ پاکستان میں ہم نے کھیلوں میں گڈ گورننس اور انسانی حقوق کو یقینی بنانے میں اہم پیش رفت کی ہے۔ ہم نے ضابطہ اخلاق اور مساوی مواقع کے اصول متعارف کرائے ہیں اور کھیلوں میں صنفی مساوات اور سب کی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے اقدامات شروع کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کھیلوں کو فروغ دینے کے لیے تمام شعبوں میں تعاون کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے ہم نے تعلیم، صحت اور نوجوانوں کی ترقی کے شعبوں کے ساتھ شراکت داری قائم کی ہے تاکہ کھیلوں کا ایک جامع ماحول کا نظام بنایا جا سکے۔ ہم کھیلوں میں سرمایہ کاری کےلئے پرائیویٹ سیکٹر اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایسے مستقبل کا تصور رکھتا ہے جہاں کھیل ہماری قوم کی ترقی کا اہم جزو ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہم کامن ویلتھ گیمز کے ساتھ ایک قابل قدر شراکت داری کے لئے پرعزم ہیں اور 2026 گیمز کے لیے پہلے ہی سے منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ایک زیادہ جامع اور مستحکم معاشرے کی تعمیر کے لیے کھیلوں کی قوت کو بروئے کار لانے کے لیے پرعزم ہے۔

پاکستان بہترین طریقوں کا اشتراک کرنے، اپنے مشترکہ اہداف کی طرف پیشرفت کو آگے بڑھانے اور کھلاڑیوں اور لیڈروں کی نئی نسل کو متاثر کرنے کے لیے دولت مشترکہ ممالک کے ساتھ تعاون کا منتظر ہے۔ فرانس میں پاکستان کے سفیر اور یونیسکو کے لئے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے بھی پیرس اولمپکس 2024 کے موقع پر منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔