پاکستان سمیت دنیا بھر میں براڈ کاسٹنگ کا منظر نامہ بدل رہا ہے، ریڈیو پاکستان نے ڈیجیٹل مائیگریشن کے طویل سفر میں اہم سنگ میل عبور کئے، نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی

84
الیکشن 2024 کی کوریج کے دوران پی ٹی وی نے غیر جانبداری کو ملحوظ خاطر رکھا، پی ٹی وی نے ثابت کیا کہ وہ دیگر چینلز کیلئے رول ماڈل ہے، وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا پی ٹی وی ملازمین میں تعریفی اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

اسلام آباد ۔16ستمبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں براڈ کاسٹنگ کا منظر نامہ بدل رہا ہے، ریڈیو پاکستان نے ڈیجیٹل مائیگریشن کے طویل سفر میں کئی اہم سنگ میل عبور کئے، ریڈیو پاکستان نے مشکلات اور رکاوٹوں کے باوجود استقامت کے ساتھ ترقی کا سفر جاری رکھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو ہالینڈ کے دارالحکومت ایمسٹرڈیم میں ریڈیو ریسورس کنٹرول اینڈ مینجمنٹ کے موضوع پر منعقدہ عالمی کانفرنس سے بذریعہ زوم خطاب کرتے ہوئے کیا۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج ریڈیو پاکستان میں ڈیجیٹلائزیشن کا سفر جاری ہے، ریڈیو پاکستان نے اپنے تمام آرکائیوز کو ڈیجیٹلائز کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ریڈیو پاکستان کی نشریات کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لئے ڈی آر ایم ٹیکنالوجی کی طرف لے جا رہے ہیں، ڈی آر ایم ٹرانسمیٹر کی تنصیب سے ریڈیو پاکستان کی نشریات ملک بھر سمیت ہمسایہ ممالک تک دستیاب ہوں گی۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ڈی آر ایم ٹیکنالوجی کے باعث ریڈیو پاکستان کی آپریشنل لاگت میں 40 فیصد تک کمی ہوگی، اس ٹیکنالوجی سے ایک ٹرانسمیٹر متعدد پروگرام ترسیل کر سکے گا جبکہ اس سے بجلی کے استعمال میں بھی بچت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بہترین معیار کے آڈیو سگنلز کے علاوہ ڈی آر ایم ٹرانسمیٹرز ایمرجنسی وارننگ سسٹم سے بھی لیس ہیں جو قدرتی آفات کی صورت میں ہنگامی الرٹ بھی جاری کر سکیں گے، اسی طرح ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو آفت زدہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کو کامیابی کے ساتھ انجام دینے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے پاکستان میں ڈی آر ایم ٹیکنالوجی کی تنصیب میں تعاون پر ڈی آر ایم کنسورشیم بالخصوص چیئرپرسن رکزیندرا اوبریجا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ڈی آر ایم کنسورشیم کے مسلسل تعاون اور ریڈیو پاکستان کی انتظامیہ اور انجینئرز کی مشترکہ کاوشوں سے امید ہے کہ مستقبل قریب میں ڈیجیٹل رول آؤٹ ممکن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس تاریخی کارنامے کے ساتھ ریڈیو پاکستان کے 76 سالہ شاندار اور تاریخی سفر کے ایک نئے باب کا اضافہ ہوگا۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے ریڈیو پاکستان کے موجودہ ڈائریکٹر جنرل اور ڈی آر ایم اسٹیئرنگ کمیٹی کو اس غیر متزلزل جذبے، محنت اور لگن پر دلی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ان کی محنت اور لگن کی بدولت ایک خواب حقیقت میں بدل رہا ہے۔