اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):پاکستان سمیت دنیا بھر میں والد کی محبت اور قربانیوں کا دن’’فادرز ڈے‘‘ اتوار 15 جون کو منایا گیا۔ عالمی سطح پر یہ دن ہر سال جون کے تیسرے اتوار کو والد کی محبت، محنت اور قربانیوں کے اعتراف کے طور پر منایا جاتا ہے۔
اگر ماں اپنی اولاد کو بے پناہ محبت دیتی ہے تو ایسے ہی باپ بھی دن رات محنت کرکے اپنی اولاد کی ضروریات، خواہشات اور خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی کوشش کرتا ہے، خاموشی سے ہر ذمہ داری کو قبول کرنا اور اپنی خوشیوں کو پس پشت ڈال کر بچوں کے بہتر مستقبل کی جدوجہد کرنے والی عظیم ہستی والد ہے۔
والد کا تعلق کسی بھی طبقے سے ہو وہ ایک ایسا شجر سایہ دار ہوتا ہے جو ہر مشکل، مصیبت میں اولاد کے لیے ڈھال بن کر کھڑا رہتا ہے، وہ ایک ایسا درخت ہوتا ہے جو خود دھوپ سہتا ہے مگر اپنی اولاد کو سائے میں رکھتا ہے۔واضح رہے کہ فادرز ڈے صرف ایک دن نہیں بلکہ ایک یاد دہانی ہے کہ ہمیں اپنے والد کی قدر کرنی چاہیے،نہ صرف فادرز ڈے کے موقع پر بلکہ ہر دن ہی والد جیسی عظیم ہستی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے جو ہماری زندگی کا ستون ہے۔
آئیے! آج کے دن ہم اپنے والد کو سلام پیش کریں اور ان کی بے لوث محبت اور قربانیوں کا شکریہ ادا کریں۔ فادرز ڈے کی منسبت سے مختلف اداروں اور تنظیموں کے زیر اہتمام تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور معاشرہ اور اولاد کی ترقی میں والد کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔