اسلام آباد۔21نومبر (اے پی پی):پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ٹیلی ویژن کی اہمیت کا عالمی دن منایا گیا۔ جس کا مقصدلوگوں کی تفریح،تعلیم و تربیت اور معلومات کے حصول کیلئے ٹیلی ویژن کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے اس دن کے حوالے سے مختلف الیکٹرانکس کمپنیوں کی جانب سے پروگرام ترتیب دئیے گئے جس میں لوگوں کو ٹیلی ویژن کی اہمیت و افادیت سے آگاہ کیا گیا ۔
اقوام متحدہ کے زیر اہتمام جنرل اسمبلی نے دسمبر1996میں ایک قرارداد کی منظوری دی تھی جس کے مطابق دنیا بھر میں ہر سال 21نومبر کو ٹیلی ویژن کا عالمی دن منایا جاتا ہے ۔ٹیلی ویژن ایک ایسی حیرت انگیز ایجاد ہے جو کہ دورحاضر میں رابطے،معلومات اور خبروں تک رسائی کا ایک طاقت ور ترین ذریعہ ہے ۔