اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):پاکستان سمیت دنیا بھر میں ذیابیطس سے بچاؤ کا عالمی دن (کل) منگل 14 نومبر کو منایا جائے گا۔
رواں سال اس دن کا موضوع ’’ذیابیطس کی دیکھ بھال تک رسائی‘‘ منتخب کیا گیا ہے۔ یہ موضوع بروقت علاج اور انتظام کو یقینی بنانے کے لئے صحیح معلومات اور ضروری دیکھ بھال تک مساوی رسائی کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔واضح رہے کہ 14 نومبر فریڈرک بینٹنگ کا یوم پیدائش بھی ہے جنہوں نے انسولین ایجاد کی تھی۔ 14 نومبر کے دن اس عظیم ماہر طب کو خراج تحسین بھی پیش کیا جاتا ہے مگر اس دن کا بنیادی مقصد ذیابیطس کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا ہے۔
ذیابیطس کے عالمی دن کے موقع پر سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کے زیر انتظام ذیابیطس سے آگاہی کے حوالہ سے مختلف پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ ماہرینِ صحت کے مطابق ذیابیطس کا مرض اپنی پیچیدگی کے اعتبار سے دیگر امراض کے مقابلے میں زیادہ خطرناک سمجھا جاتا ہے، دنیا بھر میں پہلی بار شوگر کا عالمی دن 1991 کو منایا گیا، پاکستان میں بھی ذیابیطس کا مرض پھیل رہا ہے،موٹاپے کے شکار افراد میں ذیابیطس کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔