اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت پوری دنیا میں مقیم کشمیری اور پاکستانی عوام بھارتی یوم جمہور کو سیاہ دن کے طور پر منا رہے ہیں کیونکہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا راگ الاپنے والا بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں نہتے کشمیری عوام کو اپنے غاصبانہ تسلط کے ساتھ ساتھ انسانیت سوز مظالم کا نشانہ بنا رہا ہے- بھارت کے یوم جمہوریت کو کشمیری عوام کی طرف سے یوم سیاہ منائے جانے کے موقع پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت نے جموں وکشمیر پر فوجی قبضہ جما کر کشمیریوں سے اُن کی آزادی چھین کر اُن پر ظلم وجبر کے پہاڑ توڑ رکھے ہیں اور جموں وکشمیر کے عوام گزشتہ بہتر سال سے اس ظلم و جبر کا نشانہ بن رہے ہیں، نہتے کشمیری آج بھی استصواب رائے کے اپنے بنیادی حق کے لئے جدو جہد میں مصروف ہیں اور بھارت کے ناپاک عزائم دنیا کے سامنے بے نقاب ہو رہے ہیں، وہ دن دور نہیں جب کشمیری اپنی آزادی کا سورج طلوع ہوتے دیکھیں گے۔ غلام سرور خان نے کہا کہ نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی کی حکومت نے آر ایس ایس کے ہندوتوا نظریے کو پروان چڑھانے کے لئے کشمیری عوام پر ظلم و بربریت کے گزشتہ تمام ریکارڈ توڑ دئیے ہیں۔ مودی حکومت نے سال 2019 میں مقبوضہ جموں وکشمیر پر ایک بار پھر حملہ کر کے نہ صرف کشمیریوں کو محاصرے میں لے رکھا ہے بلکہ آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوششیں کر رہا ہے۔ غلام سرور خان نے کہا کہ ہم بھارتی ظلم و جبر، قتل و غارت گری اورغیر انسانی سلوک کی شدید مذمت کرتے ہیں اور اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ہر محاذ پر کشمیری بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کے سفیر کی حیثیت سے پوری دنیا میں کشمیر کا مقدمہ لڑا جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، ہم یوم سیاہ کے موقع پر اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کشمیریوں کی آواز اٹھاتے رہیں گے اور بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔ انہوں نے یوم سیاہ کے موقع پر اقوام متحدہ اور پوری عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ و جموں وکشمیر کے عوام کو بھارتی ظلم و جبر سے نجات دلانے میں کردار ادا کریں جو انسانیت کے ناطے ان کی بنیادی ذمہ داری بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے اس عزم کو ایک بار پھر دہراتے ہیں کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت ملنے اور بھارتی تسلط سے آزادی تک ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے-