ملتان۔ 05 جون (اے پی پی):نائب صدر پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی ڈاکٹر یوسف ظفر نے کہا ہے کہ پا کستان سنٹرل کاٹن کمیٹی کے درخشاں ماضی کی روایات کو برقرار رکھنے کے لئے کپاس کی جدید تحقیق و ترقی کے میدان میں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات ناگزیر ہیں۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو یہاں سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں زرعی سائنسدانوں اور دیگر ملازمین سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
ڈاکٹر یوسف ظفر نے کہا اس وقت پی سی سی سی سنگین مالی وانتظامی بحران کا شکار ہے جس کے حل کے لئے مختلف اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور بہت جلدوزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی کے تعاون سے پی سی سی سی کو مسائل کی گرد اب سے باہر نکالنے کے لئے ہر ممکن کوششیں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کئی سالوں سے کاٹن سیس کی عدم ادائیگی کی بحالی کے لئے آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسو سی ایشنز (ایپٹما) کے مرکزی نمائندگان سے بات چیت کا عمل شروع کیا جائے گا، امید ہے بہت جلد افہام وتفہیم سے کاٹن سیس کا معاملہ حل کرلیا جائے گا۔ ڈاکٹر یوسف ظفر نے کہا کہ حکومت کپاس کی تحقیق وترقی کے لئے آئندہ مالی سال کے پیش ہونے والے بجٹ میں خطیر رقم مختص کرنے کا اعلان کرے تا کہ ملک میں کپاس کی پیداوار میں اضافہ ہوسکے اور ملکی معیشت کو استحکام ملے۔
انہوں نے مزید کہا کہ زرعی سائنسدان کپاس کی تحقیق وترقی کے لئے نئے منصوبوں پر کام کریں،ادارے میں ڈسپلن کی خلاف ورزی کسی صورت برادشت نہیں کی جائے گی اور ہرپی ایچ ڈی ہولڈرزرعی سائنسدان اپنے شعبہ سے متعلق پراجیکٹ پر فوری کام کا آغازکرے۔ ڈاکٹر یوسف ظفر نے کہا کہ جو زرعی سائنسدان جس شعبہ سے منسلک ہے اس سے وہی کام لیا جائے گا اور بہت جلد غیر ضروری اضافی چارج افسران سے واپس لے کر متعلقہ ذمہ داران کو سونپ دیئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پی سی سی سی کی ریسرچ لیباٹریزکو جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی اورزرعی سائنسدان پوری ذمہ داری ولگن سے اپنی توجہ کپاس کے تحقیق و ترقی پررکھیں، زرعی سائنسدان اپنا زیادہ وقت تجرباتی فیلڈ میں، ریسرچ لیباٹریز میں اور ریسرچ مقالہ جات کے مطالعہ میں صرف کریں۔
ڈاکٹر یوسف ظفر نے کہا کہ ہم پی سی سی سی کا کھویا ہوا مقام دوبارہ واپس لانے کے لئے جدید خطوط پر کام کریں گے اور کپاس کے تحقیقی میدان میں بدلتے ہوئے موسمی حالات کے مطابق آئندہ سالوں میں ایسی اقسام لے کر آئیں گے جس سے نہ صرف فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ کپاس کے کاشتکار کی آمدنی میں بھی خاطرخواہ اضافہ ہوگااورملک خوشحال ہوگا۔ قبل ازیں ڈائریکٹر سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان ڈاکٹر محمد نوید افضل نے وائس پریذیڈنٹ کی ادارہ ہذا میں آمدپرانہیں خوش آمدید کہا اورادارہ کے اغراض مقاصد سے متعلق آگاہ کیا۔