پاکستان سنگل ونڈو اور ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کا سٹرٹیجک شراکت داری کا اعلان،

174

اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):پاکستان سنگل ونڈو اور ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ نے برآمدی شعبہ کے فروغ اور ملک بھر میں برآمد کنندگان کو معاونتی خدمات فراہم کرنے کے ضمن میں سٹرٹیجک شراکت داری کا اعلان کیا ہے جس کے تحت میں برآمدی ڈیکلیئریشنز پر سنگل ونڈو کی فیسوں کی معافی بھی شامل ہے۔ پاکستان سنگل ونڈو کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق یہ شراکت داری حکومت پاکستان کے سٹرٹیجک ٹریڈ پالیسی فریم ورک کے تحت کئے گئے عزم کے مطابق ہے جس میں نہ صرف ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ سرچارج کی آمدنی کو فنڈ میں مکمل طور پر مختص کرنے پر زور دیا گیا ہے بلکہ اس میں معاونین کی شناخت سے لے کر ضروریات کے جائزے، نمائندہ اداروں کی شناخت، فیڈ بیک اور اثرات کے جائزے کے مکمل عمل کو شامل کرنے پر بھی توجہ دی گئی ہے

تاکہ برآمدات کے فروغ کو یقینی بنایا جا سکے۔شراکت داری کے تحت پاکستان سنگل ونڈو اور ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ مل کر کام کریں گے تاکہ برآمدات کی ترقی کے لئے عمل کو آسان بنایا جائے اور فیصلہ سازی کو بہتر بنانے میں مددگار خصوصی ٹولز اور ڈیٹا اینالیٹکس تیار کئے جا سکیں۔

پاکستان سنگل ونڈو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر آفتاب حیدر نے اس موقع پر بتایا کہ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے ساتھ مل کر پاکستان کے برآمد کنندگان کو عالمی منڈیوں کے معیار اور مسابقت کے مطابق کامیاب ہونے کے لئے درکار ٹولز، ڈیٹا اور وسائل فراہم کرنے میں پرعزم ہے، اس شراکت داری کے ذریعے نہ صرف برآمد کنندگان کے اخراجات کو کم کرنے میں مدد کریں گے بلکہ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈز کے موثر استعمال کو بھی یقینی بنائیں گے تاکہ پاکستان کی برآمدی صلاحیت کو مکمل طور پر بروئے کار لایا جا سکے۔ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید عباس مہدی نے بتایا کہ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کو اب براہ راست برآمد کنندگان سے اپنی آمدنی موصول ہونا شروع ہو گئی ہے اور اب وقت آ گیا ہے

کہ برآمد کنندگان کے ساتھ موثر دوطرفہ رابطہ بھی شروع کیا جائے تاکہ وسائل کو ان کی ضروریات کے مطابق استعمال کیا جا سکے اور انہیں ویلیو ایڈڈ معلوماتی خدمات فراہم کی جا سکیں۔ وزارت تجارت کے جوائنٹ سیکرٹری وقاص عظیم نے دونوں اداروں کی ٹیم کی جانب سے اس سٹرٹیجک اقدام کو شروع کرنے کی کوششوں کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ یہ اقدام تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر لائے گا اور پالیسی سازوں کو بروقت اور مناسب فیصلے کرنے میں معلوماتی خدمات فراہم کرے گا، اس سے برآمد کنندگان کو تجارتی خدمات کی فراہمی میں اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔

اعلامیہ کے مطابق اس شراکت داری کے ذریعے پاکستان سنگل ونڈو ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ سرچارج کی وصولی سے متعلق اہم ڈیٹا اور معلومات ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے ساتھ شیئر کرے گا جس سے زیادہ موثر پالیسی فیصلے کرنے میں مدد ملے گی اور فنڈ کو مخصوص سپورٹ کے لئے متعلقہ برآمدی یونٹس تک رسائی میں آسانی ہوگی۔ اعلامیہ کے مطابق پاکستان سنگل ونڈو نے برآمدی گڈز ڈیکلیریشن فیسوں کو معاف کرنے کی تجویز بھی پیش کی ہے جو فی الحال برآمد کنندگان سے وصول کی جاتی ہیں۔

برآمد کنندگان کے بجائے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ ان فیسوں کو ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ سرچارج سے جمع ہونے والے فنڈز سے ادا کرے گا جو کہ خود برآمد کنندگان کی جانب سے ادا کی جاتی ہے۔ اس شراکت داری سے کئی نتائج حاصل ہونے کی توقع ہے، جن میں برآمد کنندگان کے لئے کاروبار کرنے کے اخراجات میں کمی، ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کی سروس ڈیلیوری میں بہتری شامل ہے۔